الیکشن کمشن پی ٹی آئی کے ساتھ (ن) لیگ‘ پیپلز پارٹی کے فنڈ ریزنگ کیس کا فیصلہ بھی سنائے: فواد
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں ایک لوٹا اپنے انجام کو پہنچا یہ مثبت پیشرفت ہے۔ وفاداریاں بدلنے والوں کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں رہی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے سیاسی جماعتوں کو طاقت ملی ہے۔ گزشتہ روز الیکشن کمشن سے حکمران اتحاد سے ملاقات کی ہے جس میں فارن فنڈنگ کیس پر بات کی گئی ہے۔ الیکشن کمشن کے ممبران کا رتبہ ہائی کورٹ کے جج کے مساوی ہے۔ ان کا کسی معرض التوا میں کیس پر کسی سے ملاقات کرنا کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ ہم اس معاملے پر چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشن کے ارکان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل سے رجوع کریں گے۔ ہفتہ کو خیبر پختونخوا ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی بحران عدالتوں میں حل نہیں ہوتے، اس کا حل الیکشن میں جانا ہے، سوال یہ ہے کہ یہ الیکشن کیوں نہیں کراتے اس لئے کہ انہیں ڈر ہے عمران خان دوبارہ دو تہائی اکثریت کے ساتھ جیت جائیں گے۔ ہم تو کہتے ہیں کہ تحریک انصاف کو فنڈ ریزنگ ہوئی ہے، عارف نقوی ہمارا ویلن نہیں ہے 20 ملین ڈالر تو نواز شریف اور شہباز شریف کو بھی آفر ہوئی تھی، عمران خان فنڈ ریزنگ کرتے ہیں تو اوورسیز پاکستانی شرکت کرتے ہیں۔ ہمیں بچے پاکٹ منی سے پیسے بھی دیتے ہیں۔ الیکشن کمشن پی ٹی آئی کے فنڈنگ کیس کا فیصلہ کریں لیکن پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے بھی فنڈنگ کیس کے فیصلے بھی کیے جائیں، محترمہ بینظیر بھٹوشہید نے تو میاں نواز شریف کی فاشسٹ سیاست کی مذمت کی تھی۔ حکومتی اتحاد کو معلوم نہیں اوورسیز پاکستانیوں سے یہ اس قدر بیزار کیوں ہیں اگر اوورسیز پاکستانی ریمیٹینسز نہ بھیجیں تو ہماری ملکی معیشت نہ چلے۔