• news

میڈیا ریاست کا اہم ستون‘ اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں: وزیر اطلاعات

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحافت ریاست کا اہم ستون ہے اور مسلم لیگ (ن) ملک میں آزادی صحافت کی امین ہے۔ ہم میڈیا اور اظہار رائے کی آئینی آزادیوں پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں آزادی صحافت کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں، جرنلسٹ اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن (ترمیمی) بل 2022 وزارت اطلاعات کو موصول ہو گیا ہے جس کو حتمی شکل دینے کے لئے خصوصی کمیٹی کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) کے نو منتخب عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے یہاں وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے ملاقات کی۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے ملاقات کے لئے آنے والے وفد میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، سیکرٹری جنرل ارشد انصاری، سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان سمیت دیگر عہدیداران شامل تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ایف یو جے کے نومنتخب عہدیداران کو کامیابی کی مبارکباد دی۔ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ میڈیا ہائوسز کی ادائیگیوں کو صحافیوں کو تنخواہوں کی ادائیگی سے منسلک کر رہے ہیں۔ اس موقع پر پی ایف یو جے کے وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کو صحافی برادری کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ مریم اورنگزیب  نے اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اصلی اور بشری بی بی کی تیارکردہ دونوں وڈیوز ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو بھجوا دی ہے تاکہ آوازیں شامل کرنے والے جعلساز قانون کی گرفت میں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافت اور آزادی اظہار کی آڑ میں جھوٹ پھیلانے، عمران خان کی کرپشن سے توجہ ہٹانے کے ایجنڈے کا حصہ بننے والے نجی چینل کو بھی شرم آنی چاہئے۔ مریم اورنگزیب نے سینئر صحافی  اختر بلوچ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختر بلوچ کے انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن