مادر ملت فاطمہ جناح کا 129 واں یوم ولادت منایا گیا‘ قبر پر قرآن خوانی
کراچی /لاہور ( این این آئی) ملک بھر میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کا 129 واں یوم ولادت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ مادر ملت کی قبر پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ محترمہ فاطمہ جناح کے یوم ولادت کے سلسلے میں مزار قائد انتظامیہ کی طرف سے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ قاری محمد شمس الدین نے مادر ملت کی قبر پر خصوصی دعا کروائی اور قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ دعا کے اجتماع میں مزار قائد کے ملازمین کے علاوہ شہری اور پاک بحریہ اور سندھ رینجرز کے جوان بھی شریک ہوئے۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور دیگر سیاسی سماجی تنظیموں کی جانب سے بھی مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے یوم ولادت کے سلسلہ میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ مختلف تقریبات میں بھی مادر ملت کی زندگی، ملک و ملت کیلئے عظیم خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ محترمہ فاطمہ جناح 31 جولائی 1893 کو کراچی میں پیدا ہوئی تھیں، انہوں نے 1965 میں متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے منصب صدارت کیلئے ایوب خان کا مقابلہ کیا لیکن کامیابی سے ہمکنار نہ ہو سکیں، محترمہ فاطمہ جناح 9 جولائی 1967 کو انتقال کر گئیں۔