سی ٹی او لاہور کاجلوسوں کے روٹس، ڈائیورشن پوائنٹس کا ازسرنو جائزہ لینے کا حکم
لاہور(نامہ نگار) سٹی ٹریفک پولیس نے محرم الحرام میں خصوصی ٹریفک انتظامات کئے ہیں ۔ سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے سرکل افسران کو محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس، پارکنگ و ڈائیورشن پوائنٹس کے ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ نویں، دسویں محرم الحرام تک شہر میں میں 4 ہزار سے زائد مجالس اور شہر کے مختلف مقامات سے 94 جلوس برآمد ہوںگے۔ مجالس اور جلوسوں میں زائرین، عزداروں کی آمدو رفت کیلئے ٹریفک کے بہترین انتظامات ہوں گے۔ ایس پی ٹریفک آصف صدیق اور ایس پی ٹریفک شہزاد خان کی نگرانی میں 125 انسپکٹرز اور 3 ہزار ٹریفک اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ ٹریفک پلان کے مطابق کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے فوری راستہ کلیئر رکھا جائے گا۔ جلوسوں اور مجالس کیلئے پارکنگ کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ سوشل میڈیا اور راستہ ایپ سے ٹریفک صورتحال بارے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے گا۔ سٹی ٹریفک پولیس امان و عامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے الا ئیڈ محکموں کو بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔