• news

مینز ہاکی : نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 4-1سے شکست دیدی 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی ایونٹ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد اگلے مرحلے میں رسائی کے امکانات کو دھچکا لگ گیا۔برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں کیویز نے شاہینز کو پول اے میں پہلی پوزیشن سمیٹ لی ہے جبکہ قومی ٹیم چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔نیوزی لینڈ کے سٹار سٹرائیکر ہیوگو انگلس نے 17ویں اور 18ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-2 کی برتری دلائی تاہم پاکستان کے غضنفر علی نے 26ویں منٹ میں ایک گول کرکے ٹیم کی جیت امیدیں برقرار رکھیں۔پاکستان نے تیسرے کوارٹر میں گول کرنے کے کچھ اچھے مواقع پیدا کیے تاہم بال کو جال میں پہنچانے میں ناکام رہے۔کیویز نے پاکستان کے کمزور دفاع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 43ویں منٹ میں ڈیلن تھامس گول سکور کرکے سبقت 1-3 کردی جبکہ کھیل کے چوتھے کوارٹر کے آخری لمحات میں سیم لین نے گول داغ دیا اور نیوزی لینڈنے میچ 1-4 سے جیت لیا۔ شکست کے بعد قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی مشکل ہو گئی ہے۔ایونٹ میں دس ٹیمیں شریک ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان کو پول اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سکاٹ لینڈ کیساتھ رکھا گیا ہے۔ ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ نیوزی لینڈ کیخلاف شکست کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم کے اگلے مرحلے میں رسائی کے امکانات تقریبا معدوم ہوگئے ہیں، قومی ٹیم اپنے آخری دو میچز سکاٹ لینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف بالترتیب 3، 4 اگست کو کھیلے گی۔اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ 2-2 سے برابر کیا تھا۔ پاکستان نے کبھی بھی کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل نہیں جیتا۔

ای پیپر-دی نیشن