روپے کی قدر میں اضافہ ، ڈالر 6، سونا 2200روپے تولہ سستا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ملک میں ڈالر کی پرواز رک گئی اور روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔ پیر کو کاروباری دورانیے میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر بڑھ کر 240 روپے سے بھی تجاوز کرگئی تھی لیکن اختتامی لمحات میں ڈیمانڈ گھٹنے سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 53 پیسے کی کمی سے 238.84 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 6روپے کی کمی سے 242روپے پر بند ہوئی۔ دوسری طرف سونے کی فی تولہ قیمت 2200 روپے کمی کے بعد 1 لاکھ 57 ہزار 400 روپے ہو گئی ہے۔ دوسری جانب دس گرام سونے کی قیمت 1886 روپے کم ہو کر 1 لاکھ 34 ہزار 945 روپے ہے۔ عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کا بھاؤ 7 ڈالر اضافے سے 1774 ڈالر فی اونس ہے۔