• news

11پی ٹی آئی ارکان ڈی نو ٹیفا ئی ہو چکے ، عدالت جانا دو نمبری


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ اگر  عمران خان قومی اسمبلی میں آکر بیٹھیں تو میں استعفیٰ دینے کے لیے تیار ہوں۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کے 11 ممبران کو ڈی نوٹی فائی کیا، ان کی دو نمبری دیکھیں، اب وہ فیصلے کے خلاف عدالت گئے ہیں۔ راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اگر استعفے کی بات کرتے ہو تو فرح خان کی کرپشن کا جواب دو، میں استعفیٰ دینے کو تیار ہوں۔ اپوزیشن لیڈرکا کہنا تھا کہ عمران خان کو کرپشن اور فارن فنڈنگ پر جواب دینا ہوگا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے کیسے استعفے دیے ہیں کہ ممبران تنخواہ بھی لے رہے ہیں، لاجز بھی نہیں چھوڑ رہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور کے وزراء نے ابھی تک منسٹرز انکلیو میں گھر نہیں چھوڑے، اگر  آپ کے ممبران نے استعفے دے دیئے ہیں تو تنخواہ نہ لیں، استعفے دے دیئے ہیں تو سرکاری گاڑی واپس کریں، لاجز چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر  پی ٹی آئی کے مقرر کردہ ہیں، غیر ملکی فنڈنگ کیس کی وجہ سے الیکشن کمشن پر چڑھائی مناسب نہیں، آپ کی مرضی کے فیصلے نہیں آتے تو ایسے چڑھائی تو مت کریں، الیکشن کمشن پر پہلے بھی آپ نے چڑھائی کی اور پھر تحریری معافی مانگی۔ رکن قومی اسمبلی ایاز صادق نے ایوان میں اپنے خطاب میں کہا ہے کہ عمران خان، عارف نقوی کی کرپشن کے حصہ دار ہیں جو چیریٹی کیلئے پیسا جانا تھا وہ ایک پارٹی کو دیدیا گیا۔  رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے اسمبلی میں خطاب کرتے کہا ہے کہ پوری دنیا میں ڈیزل  سستا ہو رہا ہے پاکستان میں ڈیزل مہنگا کر دیا گیا۔ ڈیزل غریب کاشتکار اور ٹرانسپورٹرز استمال کرتے ہیں۔ وزیر خزانہ صنعتکار ہیں انہیں صنعتوں کی فکر ہے انہیں کاشتکار کے مسائل کا کیا علم؟۔ پٹرول بے شک مہنگا کریں کیونکہ وہ امیر لوگ استعمال کرتے ہیں۔ سپیکر صاحب وزیر خزانہ کو بلائیں۔ جہاں ڈیم بنے ہیں وہاں کے عوام سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کیوں لئے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ نے قومی اسمبلی میں خطاب اور میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ خود فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کا معاملہ کابینہ میں اٹھاؤں گا۔ چیف الیکشن کمشنر عمران خان نے لگایا تھا۔ عارف نقوی  کا معاملہ نیا نہیں لیکن یہ برطانیہ سے ہوکر اب امریکہ پہنچا ہے۔  قومی اسمبلی نے تشدد و تحویلی ہلاکت (انسداد دوسرا، بل) 2022ء کثریت رائے سے منظور کرلیا۔ وزیر مملکت داخلہ نے بل ایوان میں پیش کیا۔ بل کی شق وار منظوری لی گئی۔ قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ گزشتہ تین سالوں میں سعودی عرب سے 2390 اور امریکہ سے 426 پاکستانی قیدیوں کو رہا یا ملک بدر کیا گیا۔ 50 فیصد قیدی منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ہوتے ہیں۔ سزائے موت میں بھی منشیات بڑی وجہ ہے۔ امریکہ میں پاکستانیوں کو قید یا ملک بدری کی مختلف وجوہات ہیں۔ قومی اسمبلی میں کراچی ہاکس بے پر سمندر میں ڈوبنے والے اور ملک میں بارشوں سے جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ دعائے مغفرت رکن جماعت اسلامی مولانا عبدالاکبر چترالی نے کرائی۔ مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ ’’مفتی اعظم‘‘ عمران خان نے کہا ہے کہ جو لوگ اس ایوان میں بیٹھے ہیں وہ مشرک ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن