چیف الیکشن کمشز مستعفی ہوں ، خیبر پی کے اسمبلی نے بھی قرار داد منظور کر لی
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب اسمبلی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خیبر پی کے حکومت نے بھی اسمبلی میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف قرارداد منظور کر لی۔ خیبر پی کے اسمبلی اجلاس میں قرارداد صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے پیش کی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے موجودہ الیکشن کمشنر کی موجودگی میں شفاف الیکشن ممکن نہیں۔ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران فوری طور پر مستعفی ہوں۔ فوری طورپر صاف اور شفاف الیکشن ہی واحد حل ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان ایک عالمی سازش کے نتیجے میں تحریک انصاف کی قانونی حکومت کو ختم کرنے کی مذموم حرکت کی مذمت کرتا ہے۔ ایوان موجودہ ملکی صورتحال میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی توقع کرتا ہے۔ قرارداد میں فوری طورپر صاف اور شفاف انتخابات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔