• news

قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس، قومی احتساب ترمیمی بل منظور 


اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے قومی احتساب (ترمیم دوم) بل منظور کر لیا، بل کے مطابق نیب 50 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کے کیسز کی تحقیقات کر سکے گا، مسلم لیگ (ن) کی رکن کمیٹی زہرہ ودود فاطمی اور پیپلز پارٹی کی رکن کمیٹی نفیسہ شاہ نے20 لاکھ روپے سے زائد کی ٹرانزیکشن کو غیر معمولی یا بڑی ٹرانزیکشن تصور کئے جانے سے متعلق ترمیم پر اعتراض اٹھایا اور رقم کی حد 20 لاکھ سے بڑھانے کا مطالبہ کیا، تاہم وزیر مملکت برائے قانون شہادت اعوان نے ان کا مطالبہ تسلیم نہ کیا، کمیٹی نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے متعلق 26 ویں آئینی ترمیم کا بل آئندہ اجلاس تک کیلئے موخر کردیا۔ جبکہ جے یوآئی(ف)کی رکن کمیٹی عالیہ کامران نے بل واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کی منظوری کے بعد سینٹ میں نشستیں مختص کرنے کا کیا ہو گا؟ کمیٹی نے ''قوانین پاکستان کی اشاعت( ترمیمی) بل بھی منظور کر لیا۔ اجلاس چیئرمین کمیٹی محمود بشیر ورک کی صدارت میں ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن