• news

پاکستان ، چین تعلقات منفرد، مضبوط ، دونوں نے ہر چیلنج کا کامیابہ سے سامنا کیا : آرمی چیف


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیپلز لبریشن آرمی چین کے قیام کی 95ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں، دونوں ممالک نے کامیابی سے ہر چیلنج کا سامنا کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 95ویں سالگرہ پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر نے پیپلز لبریشن آرمی کی 95ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب کے انعقاد پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان آئرن برادرز، آل ویدر فرینڈز اور سٹرٹیجک پارٹنر ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین میں منعقدہ مشترکہ تعاون کمیٹی نے فوجی تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قائم کیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان ملٹری ٹو ملٹری تعلقات کے لیے مؤثر طریقے سے کام کرے گا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کے دفاع، سلامتی اور قوم کی تعمیر و ترقی میں پیپلز لبریشن آرمی چین کے کردار کو سراہا۔ دونوںممالک، افواج اور عوام کے درمیان گہرے تعلقات کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک چین تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز لبریشن آرمی اور پاک فوج کے آپس میں گہرے تعلقات ہیں، ہمارے تعلقات ہمارے اجتماعی مفادات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ دریں اثناء آرمی چیف سے ہالینڈ کے سفیر نے الوداعی ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ہالینڈ کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے ہالینڈ کے سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔ 

ای پیپر-دی نیشن