• news

آج سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ ، متا ثرہ گھر مالکان کی امداد کریں گے: پرویزالہی 


 لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ  پرویز الٰہی نے جنوبی پنجاب میں سیلاب سے گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لئے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مکمل تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کو 6لاکھ روپے فی کس مالی امداد دی جائے گی جبکہ جزوی طورپر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کو 4لاکھ روپے فی کس مالی امداد دیں گے۔ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لائیوسٹاک کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اپنی نگرانی میں سروے کو مکمل کرائیں۔ سروے کا عمل آسان اور سادہ رکھا جائے اور سروے کے لئے مقامی نمائندوں کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے اور متاثرہ افراد کو خشک خوراک تسلسل کے ساتھ پہنچائی جائے۔ دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو مسلسل مانیٹر کیا جائے اور دریاؤں کے پشتے مزید مضبوط بنانے کیلئے فی الفور اقدامات کئے  جائیں۔ متاثرہ علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی بحالی کیلئے ضروری وسائل اور مشینری بروئے کار لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ منگل کو راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے تمام صورتحال کا خود جائزہ لوں گا۔ سیلاب متاثرہ افراد کی بحالی پہلی ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ کی  زیر صدارت  اجلاس میں جنوبی پنجاب کے شہروں راجن پور، ڈیرہ غازی خان خصوصاً تونسہ، مظفر گڑھ میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی نے پنجاب بھر میں جاری مون سون سیزن کے باعث ڈینگی کے پھیلاؤ کے خدشہ کے پیش نظر انسداد ڈینگی کیلئے موثر مہم چلانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے کی جانے والی سرگرمیوں کی موثر مانیٹرنگ اور درست رپورٹنگ کی جائے۔ انسداد ڈینگی کیلئے تربیت یافتہ سٹاف کو بھرتی کیا جائے۔  صر ف لاہور میں ہی نہیں بلکہ پنجاب کے ہر شہر میں انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں نظر آنی چاہئیں۔ پرویز الٰہی نے رواں برس صوبے کی تمام تحصیلوں میں ریسکیو1122 کو توسیع دینے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ رواں برس پنجاب کی مزید 86تحصیلوں میں ایمرجنسی سروس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ حکومت پنجاب ایمرجنسی سروس کی توسیع پنجاب کی تمام تحصیلوں تک کرے گی۔ موٹر بائیک ریسکیو سروس کا دائرہ کار رواں برس پنجاب کے مزید 27اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔  پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب میں ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس ہم نے شروع کی۔ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 صوبے کا قابل قدر اور باعث فخر ادارہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے تتہ پانی میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن