ہیلی کا پٹر لا پتہ، کورکمانڈر کو ئٹہ سر فراز علی سوار
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ سے کراچی کے لئے پرواز بھرنے والا آرمی ہیلی کاپٹر لاپتہ ہو گیا جس میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز سمیت 6 افراد سوار تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ہیلی کاپٹر سے فلڈ ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے۔ ہیلی کاپٹر لسبیلہ کے قریب لاپتہ ہوا جس کے بعد ہیلی کاپٹر کی تلاش کا آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کا شام چھ بجے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا جس کے بعد ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لئے آپریشن شروع کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے لاپتہ ہوا۔ لاپتہ فوجی ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد، ہیلی کاپٹر کے پائلٹ میجر سعید اور معاون پائلٹ میجر طلحہ، 12 کور کے انجینئر بریگیڈئر خالد اورکریو میں چیف نائیک مدثر سوار تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر اوتھل سے کراچی آتے ہوئے لاپتہ ہو گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ ہیلی کاپٹر لبسیلہ میں سیلاب ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہا تھا۔ کور کمانڈر ہیلی کاپٹر سے فلڈ ریلیف آپریشن کا معائنہ کر رہے تھے۔ رات گئے تک ہیلی کاپٹر کی تلاش جاری ہے۔ بلوچستان کے ضلع خضدار کی پولیس کے ڈی آئی جی پرویز عمرانی کا کہنا ہے کہ پولیس کی ٹیمیں ہیلی کاپٹر تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق یہ علاقہ پہاڑی سلسلوں پر مشتمل ہے اور تلاش کے عمل میں مشکلات کا سامنا ہے۔ نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق پرویز عمرانی کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی ٹیمیں موٹرسائیکلوں پر دشوار گزار علاقوں میں تلاش میں مصروف ہیں اور پولیس اور ایف سی کا مشترکہ ریسکیو آپریشن پانچ گھنٹوں سے جاری ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے لاپتہ ہونے والے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کیلئے لسبیلہ کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو تمام ذرائع اور وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس ریسکیو ٹیموں کو بھرپور معاونت فراہم کریں۔ صدر مملکت عارف علوی نے پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کمانڈر 12 کور اور دیگر فوجی افسران کی حفاظت کیلئے دعا کی ہے۔ صدر عارف علوی سرچ آپریشن کی کامیابی کیلئے بھی دعا گو ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان سے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی پر تشویش کی گئی ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی، حفاظت اور بخیریت واپسی کے لئے دعا گو ہے۔ ان شاء اللہ۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بلوچستان سے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کور کمانڈر کوئٹہ سمیت دیگر افسران کی جلد بخیریت واپسی کی دعا کی ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پوری قوم دعا کرے کہ اللہ تمام افسران کی حفاظت فرمائے۔ اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ ’پریشان کن خبر ہے کہ آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہو گیا ہے‘ میں اس میں سوار تمام افراد کیلئے دعاگو ہوں۔