ڈبے کا دودھ بریسٹ فیڈنگ کا نعم البدل نہیں: پروفیسر الفرید
لاہور(نیوز رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ صحت مند ماں و بچہ کسی بھی خاندان کی حقیقی خوشیوں اورپاکستان کے بہترمستقبل کے ضامن ہیں لہذا ماں کا دودھ نومولود کیلئے نا گزیر ہے تاکہ یہ بچے جوان ہو کر توانا اور مضبوط قوم میں تبدیل ہو سکیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردارادا کرنے کے قابل ہوں۔ دنیا کی کوئی بھی خوراک یعنی فارمولا پیک(ڈبے کا دودھ) بریسٹ فیڈنگ کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ لہٰذا خواتین میں چھاتی کا دودھ اپنے بچوں کو پلانے کے بارے زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کرنے اور انہیں اس ضمن میں مطلوبہ سہولیات مہیا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیسف کے تعاون سے لاہور جنرل ہسپتال میں اطفال دوست اقدامات کرنے کے حوالے سے 3روزہ تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔