اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1.50، سونا 3500روپے سستا
کراچی (کامرس رپورٹر) ملک میں ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ اب کچھ تھمنے لگا ہے اور مسلسل دوسرے روز ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی ہے۔ انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ مسلسل دوسرے روز گرا ہے۔ دو دن میں ڈالر 99 پیسے سستا ہوچکا ہے۔ انٹربینک میں آج کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 46 پیسے کم ہوکر قیمت 241 روپے ہو گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ ایک روپیہ 50 پیسے کم ہوکر 240 روپے 50 پیسے ہے۔ جبکہ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج بھی 3500 روپے کی بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ آل پاکستان جمیز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 3500 روپے کمی کے بعد ملک میں ایک تولہ سونے کا بھاؤ ایک لاکھ 54 ہزار 900 روپے ہوگیا ہے۔ 10 گرام سونے کا بھاؤ 3001 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 31 ہزار 945 روپے ہے۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس الیکشن کمشن کے فیصلے سے پہلے منفی تھا تاہم فیصلے کے بعد مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز کاروبار کے آغاز پر شیئرز فروخت کرنے کا رجحان رہا، الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے سے قبل ایک موقع پر 100 انڈیکس 300 سے زائد پوائنٹس منفی رہا۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد انڈیکس 300 سے زائد پوائنٹس مثبت ہوا اور کاروبار کا اختتام 115 پوائنٹس اضافے سے 40 ہزار 191 پر کیا۔ بازار میں گزشتہ روز 21 کروڑ 75 لاکھ شیئرز کے سودے 6 ارب 32 کروڑ روپے میں ہوئے۔