بہادر بیٹے قوم پر قربان ہو گئے ، پی ٹی آئی ارکان کی غیر حا ضری کیخلاف قرار داد
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی اجلاس میں لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے جام شہادت نوش کرنے والے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت چھ افسران کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے شہدا کیلئے دعا کرائی۔ منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ لسبیلہ خادثے کے باعث قوم سوگوار ہے جس میں چھ افسران و جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ یہ قوم کے بہادر بیٹے وطن پر قربان ہو گئے۔ اس موقع پررکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے سپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر شہدا کے لیے دعا کرائی۔ بعد ازاں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ آ ج بہت بڑا نقصان ہوا ہے، بہت ہی بہادر اور تجربہ کار فوجی افسران نے جام شہادت نوش کیا، پچھلے کچھ روز سے ملک میں میں سیلاب میں تباہی مچائی ہوئی ہے، یہ فوجی بہادر افسران ہیلی کاپٹر میں سوار ہوکر انہیں حالات کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کور کمانڈر کوئٹہ فرائض سرانجام دے رہے تھے، ایک میجر جنرل سمیت دیگر افسران بھی فرائض سر انجام دے رہے تھے،ساری قوم اس سانحہ پر سوگوار ہے، جنرل سرفراز کا جس گائوں سے تعلق تھا وہ میرے گھر سیالکوٹ سے 15منٹ کی مسافت پر ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کا کیرئیر شاندار تھا، انہوں نے ٹرپل ون بریگیڈ کی کمان سے سٹاف کالج کوئٹہ کے کمانڈنٹ، آئی جی ایف سی اور اب بطور کور کمانڈر شاندار خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں نکتہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آٹھ سال بعد اہم فیصلہ سنایا ہے، پاکستان میں اتنی دیر تک فیصلہ نہ کرنے کی مثال نہیں ملتی، الیکشن کمشن نے فارن فنڈڈ ایجنٹ کو ثابت کردیا ہے۔ اس فارن فنڈڈ کی ادارے مدد کرتے تھے تو ٹھیک ورنہ گالیاں دیتا تھا۔ تحریک انصاف کے چار اراکین اسمبلی قومی اسمبلی سے چالیس دن سے مسلسل غیر حاضر، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اجلاس کے دوران کہا کہ قومی اسمبلی سے تحریک انصاف کے چار ارکان مسلسل غیر حاضر ہیں۔ اراکین میں تحریک انصاف کے رکن صالح محمد خان سواتی، غلام محمد لالی، میاں محمد سومرو، غلام بی بی بھروانہ شامل ہیں۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ان چاروں اراکین اسمبلی نے ایوان سے استعفی دیا ہے نہ ہی چھٹی کی درخواست دی ہے، قومی اسمبلی اجلاس میں پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی شاہدہ رحمانی نے چار غیر حاضر ارکان کا معاملہ ایوان میں قرارداد کی صورت میں اٹھا دیا‘ شاہدہ رحمانی کے قرارداد پیش کرنے کے دوران ہی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بھی بولنا شروع کر دیا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اس قراداد پر قانون اور آئین کے مطابق کارروائی ہوگی، سپیکر قومی اسمبلی نے رولنگ دی کہ فی الحال اس معاملہ کو موخر کیا جاتا ہے۔ رکن اسمبلی قادر مندوخیل نے کہا کہ کیا اسلام باد میں مستقل رہنے والوں سے کوئی شادی نہ کرے، خواتین اساتذہ کی تنخواہیں روک دی گئی ہیں رولنگ دی جائے کہ نہ صرف ان کو مستقل کیا جائے اور روکی گئی تنخواہیں دی جائیں، نکتہ اعتراض پر وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ کیا قانون ممنوعہ فنڈنگ کی اجازت دیتا ہے، پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے جو غیر ملکی کمپنیاں اور بیرونی شخصیات فنڈنگ کر رہی ہیں، فارن لوگ، غیر ملکی کمپنیوں نے عمران خان کو کن مقاصد کیلئے پیسہ دیا، غیر ملکی پیسہ استعمال کر کے نواز شریف کو چور ڈاکو اور غدار کہا گیا جس نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا، ملک کو سی پیک کا تحفہ دیا‘ نواز شریف کو چور ڈاکو غیرملکی پیسہ استعمال کرکے غدار کہا گیا‘ اربوں کھربوں کھانے والے پر کب از خود نوٹس لیا جائے گا۔ پاکستان کے مفادات کا نقصان کرنے والا کیسے پاکستان کا محافظ ہو سکتا ہے، کیسے بات کر سکتا ہے کہ ہم آزادی چاہتے ہیں۔ آج سے اس شخص کو چور ڈاکو کہا جائے آج سے یہ شخص پاکستان کا رجسٹرڈ غدار ہے۔