اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کو لاپتہ افراد کمشن کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی سفارش معطل کر دی
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو لاپتہ افراد کمشن کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی سفارش معطل کر دی۔ فاضل عدالت نے سیکرٹری قومی اسمبلی اور سیکرٹری پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سابق چیئرمین نیب کے خلاف تادیبی کارروائی سے بھی روک دیا۔ درخواستگزارکی جانب سے شعیب شاہین ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو کمشن کے چیئرمین کے عہدہ سے ہٹانے کی سفارش کی۔ عدالت نے کہاکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اختیارات کا معاملہ دو دیگر پٹیشنز میں بھی اٹھایا گیا ہے۔ وکیل نے کہاکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سات جولائی کے میٹنگ منٹس غیر قانونی قرار دئیے جائیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد کیانی نے کہاکہ یہ معاملہ اب پی اے سی سے انکوائری کمشن میں چلا گیا ہے۔ سماعت 11اگست تک کیلئے ملتوی کر دی۔