• news

عمران کا ملک دشمنوں سے پیسہ لے کر عوام کو دھوکہ دینا ظلم : خورشید شاہ 


آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمشن کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہے۔ اس کا احترام کیا جانا چاہیے۔ ملک کے دشمنوں سے پیسہ لے کر عوام کو دھوکا دینا ظلم ہے۔ پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا، امید ہے کہ ادارے آئین اور قانون سے بالا تر ہو کسی کو فائدہ نہیں پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار خورشید شاہ نے منگل کو وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید خورشید شاہ نے کہاکہ الیکشن کمشن نے الزام تراشی کے باوجود جو فیصلہ دیا ہے وہ خوش آئند ہے۔ عمران خان الزامات کی بھر مارکر کے معاملات کو متنازع بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ پنجاب میں انتخابات میں انہیں خوف تھا اس لئے الزام تراشی پہلے ہی شروع کر دی کہ اگر ہار گیا تو دھاندلی کا الزام لگا دوں گا۔ چیف الیکشن کمشنر کا نام بھی انہوں نے خود تجویزکیا تھا۔ بعد میں ان کے خلاف ہو گئے، عمران خان نے 8 سال تک قوم کے ساتھ ساتھ عالمی اداروں سے بھی جھوٹ بولا۔ بھارت اور یہودیوں سے اقتدارکے لئے پی ٹی آئی نے پیسے لئے، قوم کو اس کا سوچنا چاہیے۔  ہماری پارٹی کے معاملات کی بھی بیشک تحقیقات کریں۔ ہم بھاگے ہیں نہ بھاگیں گے۔ آئینی اداروں اور کابینہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین اور قانو ن کے مطابق فیصلہ کریں۔ سندھ کے وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کو صادق اور امین کے جھوٹے سرٹیفکیٹ دیئے گئے، عمران خان کو فوری طور پر نااہل قرار دیا جائے۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے جاری بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کے ہتھکنڈوں کے باوجود بالآخر 8 سال کے بعد ممنوعہ فنڈنگ کا فیصلہ آگیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ثابت ہو گیا کہ عمران خان نے قوم سے دھوکا کیا۔ سچ کو چھپایا نہیں جا سکتا ہے۔ الیکشن کمشن نے عمران نیازی کے بیان حلفی کو غلط قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف قوم بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کے جذبات سے کھیل کر اپنی جیبیں بھری ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن