ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال ، مسا فر خواز
لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب (سپیشل رپورٹر+ نامہ نگاران+ خصوصی+ نامہ نگار) پبلک ٹرانسپورٹ پر فی سیٹ انکم ٹیکس اور ٹوکن ٹیکس‘ مہنگائی‘ پٹرول‘ ڈیزل کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کر دی۔ مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیکسیوں اور رکشے والوں کی چاندی ہو گئی۔ پنجاب بھر کی طرح ہارون آباد میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ پر انکم ٹیکس اور ٹوکن ٹیکس میں اضافے پر مالکان نے احتجاجاً بسیں کھڑی کر دیں۔ ٹرانسپورٹ مالکان نے ٹیکس کے اضافے کو مسترد کر دیا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد ، ملتان، وہاڑی، کوٹ ادو، لودھراں، بہاولپور، فیصل آباد اور دیگر شہروں کو جانے والی بسیں بند کرکے کھڑی کردیں۔ جنرل بس سٹینڈ و دیگر اڈے ویران نظر آئے۔ننکانہ صاحب میں بھی ٹرانسپورٹرز نے ٹیکسوں میں بلا جواز اضافہ کے خلاف پہیہ جام ہڑتال کی۔ جبکہ طالبعلموں کو تعلیمی داروں میں آنے میں دشورای کا سامنا کرنا پڑا اور لوگ مقدمات کی پیشی کیلئے عدالتوں میں نہیں پہنچ سکے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا انکم ٹیکس، ٹوکن ٹیکس دیگر ٹیکسوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے۔ انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کی ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔ ٹرانسپورٹروں نے لاری اڈہ بادامی باغ سمیت ڈی کلاس بس اڈوں پر احتجاجی کیمپ لگائے اور ٹائروں کو آگ لگا کر حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے اس دوران کمشنر لاہور کی جانب سے ٹرانسپورٹروں کے مسائل کو وفاقی حکومت تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ٹرانسپورٹروں نے مطالبات کی منظوری تک پہیہ جام ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی کے ممبران حاجی خالد ، عدنان مجید ، عرفان نیازی ، ملک رمضان اکبر ، واجد ڈوگر کی جانب سے بادامی باغ لاری اڈہ میں ٹائروں کو اگ لگا کر حکومت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا گیا پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل کے چیئرمین چوہدری فلک شیر اور صدر تنویر خان کی قیادت میں تمام فیکٹری ملازمین کو جانے والی گاڑیوں کوْبند رکھا گیا اس موقع پر سڑک کوْبند کر کے احتجاج کیا گیا جبکہ ڈی کلاس بس اڈوں میں نیازی کمپنی کی جانب سے ایک بس اڈہ کھلا رکھنے پر ٹرانسپورٹروں میں پریشانی پائی گئی جبکہ دیگر تمام ڈی کلاس بس اڈے مکمل بند رہے ،موٹر ٹرانسپورٹ فیڈریشن کے صدر لیاقت حسین شاہ اور سیکرٹری جنرل یاور حیات کی جانب سے لاری اڈہ ، بھاٹی چوک اور قصور میں احتجاجی کیمپ لگا کر مکمل پہیہ جام ہڑتال کی گئی ۔ چوہدری فلک شیر ، چوہدری عدنان اور یاور حیات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں کامیاب پہیہ جام ہڑتال جاری ہے حکومت نے ٹرانسپورٹروں کے ساتھ ایک بار بھی رابطہ نہیں کیا ہے حکومت کی طرف سے پسنجر ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر ایڈوانس انکم ٹیکس ‘ ویلیو ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں میں بے تحاشہ اضافہ کرنے پر انٹر سٹی ٹرانسپورٹرسراپا احتجاج ہیں قومی شاہراہوں پر ناجائز اور اضافی ٹول پلازے ختم کئے جائیں۔ ٹول ٹیکس کی شرح میں آئے روز اضافہ نہ کیا جائے۔ موٹرویز پولیس کو پابند کیا جائے کہ وہ پسنجر ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے بلاجواز چالان پر چالان نہ کریں۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بار بار اضافہ نہ کیا جائے بلکہ اس کی قیمت کچھ مدت کے لیے مستحکم رکھی جائے۔ نان اے سی پسنجر ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی کرایہ کی شرح میں جلدازجلد اضافہ کیا جائے صوبہ پنجاب میں واقع ہر جنرل بس اسٹینڈ پر اڈہ فیس یکساں شرح سے نافذ کی جائے ناجائز چیک پوسٹیں ختم کی جائیں ۔ شیخوپورہ میں ٹرانسپورٹروں نے پہیہ جام ہڑتال کی جس سے شیخوپورہ سے فاروق آباد صفدرآباد سانگلہ ہل شیخوپورہ سے حافظ آباد جنڈیالہ شیر خان جھبراں روڈ شاہکوٹ مانوالولہ سرگودھا فیصل آباد گوجرانوالہ کے روڈ سمیت تمام روڈ کی ٹرانسپورٹ بند رہی جس سے قصباتی علاقوں کے عوام کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔