عمران خان، پرویز الٰہی کی مشاورت، پنجاب کابینہ مختصر رکھنے کا فیصلہ
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کی کابینہ کو مختصر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق پر مشتمل وزراء کی مختصر تعداد ہو سکتی ہے۔ اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان اور وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کے درمیان لاہور میں ہونے والی میٹنگ میں یہ بات طے پاگئی تھی کہ پنجاب کی کابینہ مختصر رکھی جائے گی۔ یہ تجویز بھی عمران خان کی طرف سے دی گئی تھی کہ کابینہ کو مختصر رکھا جائے جس پر وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے بھی حامی بھر لی تھی۔ ذرائع دعوی کر رہے ہیں کہ عمران خان ملک میں نئے انتخابات کی طرف جلد جانا چاہتے ہیں اس لئے وہ کم کابینہ کے ساتھ تھوڑے عرصہ پنجاب کی حکومت کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے کابینہ میں ق لیگ کے نام بھی بجھوا سکتے ہیں۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی کابینہ پی ٹی آئی کے راجہ بشارت، یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، ڈاکٹر مراد راس، میاں محمود الرشید، راجہ یاسر ہمایوں، ہاشم جوان بخت کے نام پی ٹی آئی کے حلقوں میں لئے جا رہے ہیں جبکہ ق لیگ کے حلقوں میں حافظ عمار یاسر کا نام لیا جا رہا ہے۔ پنجاب کابینہ کی حتمی منظوری چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان دیں گے اور کابینہ کی تشکیل سے قبل چودھری پرویز الہی کواعتماد میں لیا جائے گا۔