• news

سیلاب متا ثرہ علا قے  آفت زدہ قرار ، شہباز شریف با تیں کر تے رہے : پرویز الہی 


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ  پرویز الٰہی نے جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں راجن پور او رڈی جی خان کا دورہ کیا اور سیلاب اور بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین میں 8،8لاکھ روپے کی مالی امداد کے چیک تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ  نے سیلاب اور بارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد  کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ پرویز الہٰی نے سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے، رود کوہیوں کے راستوں کو چینلائزڈ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ پرویز الہٰی راجن پور کے سیلاب سے متاثرہ علاقے شاہ پورگئے اور ریسکیو آپریشن سنٹر شاہ پور کا دورہ کیا۔ پرویزالٰہی نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔  پرویزالٰہی نے  کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے۔ متاثرہ افراد کی جلد بحالی ہماری پہلی ترجیح ہے۔ مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ مالی امداد دی جارہی ہے۔ مالی امداد کسی کی جان کانعم البدل نہیں ۔آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ  نے سیلاب سے متاثرہ تونسہ کے علاقے بستی چھٹانی کا دورہ کیا اور  متاثرین سے ملاقات کی-  پرویز الہٰی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی سیلاب زدہ کی حق تلفی نہیں ہونے دینگے۔ فصل اور گھروں کے نقصانات کا جلد ازالہ کریں گے۔ شہبازشریف صرف باتیں کرتے رہے، غریبوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ ہم بغیر کسی سیاسی وابستگی سیلاب متاثرین کی خدمت کریں گے اورلوگوں کے دل جیتیں گے اور سروے کے عمل کو شفاف بنایا جائے گا۔ یہاں پر جتنے بھی ایم این ایز اور ایم پی ایز ہیں،یہ میرے ساتھی ہیں اورسیلاب متاثرہ علاقوں میں یہ مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد میں پیش پیش ہیں۔وزیراعلیٰ20 ارب روپے سے متاثرہ علاقوں میں فوری کام شروع کرنے کا حکم دیا۔  شادن لنڈ فوڈ سنٹر اور گندم زیر آب والے واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے گی۔ علاوہ ازیں  پرویز الٰہی نے پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعہ پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیاہے-وزیراعلیٰ  چودھری پرویز الٰہی نے حادثے میں شہید ہونے والے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف، بریگیڈئیر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ  نے پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے زمینی دورے کے بعد فضائی دورہ بھی کیا- سیکرٹری آبپاشی نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

ای پیپر-دی نیشن