عمران غیر ملکی ایجنڈے پر تھے ، نواز شریف : مصدقہ چور ، شہباز شریف : پی ڈی ایم نے کمیٹیاں بنا دیں
اسلام آباد (خبر نگار+ خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک بار پھر ثابت ہو گیا عمران خان مصدقہ جھوٹے ہیں۔ ٹوئٹر پر پیغام میں وزیراعظم نے لکھا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمشن کا فیصلہ عمران خان پر فرد جرم ہے۔ جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے اور غیر قانونی غیر ملکی فنڈنگ وصول کرکے آئین کی خلاف ورزی کی۔ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمشن کا فیصلہ عمران خان پر فرد جرم ہے۔ وہ ایک بار پھر جھوٹے ترین شخص ثابت ہوئے ہیں۔ قوم کو غیر ملکی فنڈنگ کے سیاسی اثرات پر غور کرنا چاہئے۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ صادق اور امین الیکشن کمشن میں جھوٹے نکل آئے۔ الیکشن کمشن کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی نے امریکی کاروباری شخصیت سے بھی فنڈز لئے ہیں۔ یہ امریکی سازش کب سے ہورہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ خان پاکستان کا پہلا اور واحد سیاستدان ہے جو ایک ہی فیصلے میں ناقابل تردید ثبوتوں کے ساتھ بیک وقت جھوٹا، کرپٹ، منی لانڈرر اور بیرونی قوتوں کے ایماء پر کام کرنے والا ثابت ہوا ہے۔ اس کا اپنا ہی بنایا ہوا جھوٹا ایمانداری اور حب الوطنی کا بت آج اوندھے منہ گر گیا۔ بے شک اللہ حق ہے۔ قوم کو غلامی سے نجات کا بھاشن دینے والا خود بیرونی طاقتوں کا غلام ثابت ہوا۔ ان سے پیسہ لیتا رہا اور اس پیسے کو ملک میں فتنہ فساد اور بربادی کے لیے خرچ کرتا رہا۔ اس فارن ایجنٹ کو پاکستان کی ترقی روکنے اور سی پیک کے خاتمے کے لئے لانچ کیا گیا تھا۔ سر شرم سے جھک گیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ثابت ہو گیا، ملک کا سب سے بڑا چور کون ہے، پی ٹی آئی اور عمران خان اپنے دفاع میں کچھ پیش نہ کر سکے، عمران خان نے قوم کو 8 سال بے وقوف بنائے رکھا۔ دوسروں پر غداری کا الزام لگانے والے ممنوعہ فنڈنگ کا جواب دیں، 150 کروڑ روپے ان ذرائع سے حاصل ہوئے جن کی اجازت نہیں، فیصلہ میں تاخیر کیلئے ہر حربہ استعمال کیا حتی کہ پی ٹی آئی نے اپنی حکومت کے دوران الیکشن کمشن پر دبائو بھی ڈالا، ڈیڑھ سو کروڑ عمران خان نے غیرملکی شہریوں اورغیر ملکی کمپنیوں سے حاصل کیا، عمران خان نے آٹھ سال قوم کو بے وقوف بنائے رکھا۔ اکبر ایس بابر کوئی عام آدمی نہیں پی ٹی آئی سے ان کا واسطہ رہا ہے۔ عمران خان اور پی ٹی آئی نے اس معاملے کو ہر طریقے سے روکنے کی کوشش کی۔ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ثاقب نثار گروہ کا ڈکلیئرڈ صادق اور امین عمران خان جھوٹا فراڈیا ثابت ہوا۔ عمران خان جھوٹا، فراڈیا، بددیانت اور غیر ملکی سپانسرڈ ثابت ہوا۔ امریکی، بھارتی، اماراتی شہری کس کے ایما پر عمران پر سرمایہ کاری کرتے رہے؟۔ وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان کو بھارتی اور یہودی لابی لے کر آئی۔ خواجہ محمد آصف کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اپنے برخوردار سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل قرار دیا گیا، یہاں عمران خان غلے سے پیسے نکالتے پکڑے گئے ہیں، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پارٹی سربراہ کی پوزیشن سے ہٹا دیا تھا۔ عمران خان کا کیلی فورنیا کورٹ والے کیس میں ڈی این اے بھی کرایا جائے گا۔ اب کابینہ دیکھے گی اس میں منی لانڈرنگ، فیٹف قوانین میں آتے ہیں یا نہیں۔ یہ چوری کرتے پکڑے گئے، اب دیکھنا ہے ان پر آرٹیکل 62 اور 63 لگتا ہے یا نہیں۔ وزیرمملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان چور، منی لانڈرنگ کرنے والا امپورٹڈ اور غیر ملکی ایجنٹ ثابت ہو گیا ہے، قانون کے تحت کسی غیر ملکی کمپنی یاشہری سے فنڈز لینے والی سیاسی جماعت تحلیل ہو جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارپریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان نے جیب سے کاغذ نکال کر لہرایا تھا اور کہا تھا کہ دیگر تمام سیاسی جماعتیں ایجنٹ ہیں۔ آج پتہ چل گیا ہے کہ غیر ملکی فنڈنگ لینے والا ایجنٹ یہ ہے یا سیاسی جماعتیں۔ وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان نے کہاہے کہ سابق سلیکٹڈ وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے سربراہ نے الیکشن کمشن میں جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا، قانون کے مطابق سیاسی جماعتیں غیر ملکی کمپنیوں اور شہریوں سے فنڈز نہیں لے سکتیں، اب وفاقی حکومت قانون کے مطابق اقدام کرے گی، سپریم کورٹ کے لئے سیاسی کیس امتحان ہوتا ہے، ضروری ہے کہ ایسے معاملات کی سماعت فل کورٹ کرے۔ سپریم کورٹ بارکے سابق صدر اور جے یو آئی ف کے رہنما سینیٹر کامران مرتضی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نہ تو پہلے صادق اور امین تھا اور نہ اب ہے، اس پر مہر لگ گئی ہے۔ پی ٹی آئی 2014 سے فتنہ، فساد اور فاشزم پھیلا رہی ہے۔ انہیں باہر سے سرمایہ مل رہا تھا حالانکہ ملک کا قانون اجازت نہیں دیتا کہ کوئی سیاسی جماعت غیر ملکی شہری یاکمپنی سے فنڈز لے۔ انہیں آسٹریلیا، یورپ اور دیگر ممالک سے فنڈنگ ہوئی ہے۔ ہم نے آئین کا تحفظ کرنا ہے اور وسیع البنیاد جمہوری حکومت آئین کاتحفظ کرے گی ۔کامران مرتضی نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلہ خوش آئند ہے، اب اس پر آرٹیکل 17 کا اطلاق ہونا ہے، اس حوالے سے حکومت کابینہ میں بات کرے گی۔ یہ غیر ملکی فتنہ اور غیر ملکی ایجنٹ ہے، یہ دوسرے پر گالی گلوچ اور الزام تراشی کرتے ہیں اور دوسری سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹیں لگا کر ان کی تضحیک کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو اس ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے اس پر تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی چوری پکڑی گئی، عمران خان غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہا تھا، یہ جانتا تھا اس نے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری کی۔ فارن فنڈنگ کے کیس کا فیصلہ 8 سال بعد آیا، ہمارے زمانے میں واٹس ایپ پر جے آئی ٹی بن گئی تھی، یہ شخص خارجی ایجنڈے کے تحت آیا ہے، یہ کہتا تھا ایماندار ہوں چوری نہیں کرتا، عمران خان جانتا تھا اس نے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری کی، سابق وزیراعظم پاکستان کیلئے بہت خطرناک ہے، یہ فتنہ ہے اس کا شر پاکستان کی تباہی ہے۔ غیر ملکیوں سے پیسے لیں گے تو انکا ایجنڈا ہی نافذ کرینگے، پاکستان میں دن بہ دن ترقی ہو رہی تھی، عمران خان نے سب تباہ کر دیا، اس فتنے اور شر انگیزی کو فوری طور پر ختم کیا جائے، اس نے پاکستانی معاشرے کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ میرے ساتھ ظلم و زیادتی کرتے ہوئے پاکستان کو ڈبو دیا۔ پاکستان کو وینٹی لیٹر پر لے آئے۔ دوسروں کو چور اور ڈاکوکہنے والا خود سب سے بڑا ڈاکو نکلا۔ الیکشن کمشن کے فیصلے سے عمران خان خود تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکو ثابت ہو گیا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کے فیصلے نے بیرونی سازش کا پول کھول دیا ہے، امریکہ، بھارت و دیگر ممالک کے شہریوں اور کمپنیوں سے پیسے لے کر عمران نیازی نے ملک میں فتنہ و فساد برپا کیا۔ پاکستان کی معیشت اور ترقی کی کمر سی پیک کو ٹھپ کر کے توڑی گئی، بیرون ملک کی فنڈنگ سے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کی گئیں اور معصوم ذہنوں میں زہر گھولا گیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے قائدین نے الیکشن کمشن کے فیصلے کی روشنی میں مزید کارروائی کیلئے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام اتحادی سپریم کورٹ سے فل کورٹ تشکیل دینے کا مطالبہ کریں گے۔ وزیر قانون نے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کے فیصلے پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں سیاسی اور قانونی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں۔ پی ٹی آئی کے خلاف سیاسی وقانونی محاذ پر سخت فیصلے کرنے پر اتفاق کر لیا گیا۔ پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمشن کے فیصلے پر مزید پیشرفت کے لئے خورشیدشاہ کی سربراہی میں سیاسی کمیٹی قائم کر دی گئی۔ سیاسی کمیٹی میں نوید قمر، مریم اورنگزیب، رانا ثناء اللہ، سردار ایاز صادق شامل ہیں۔ قانونی کارروائی کیلئے اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں قانونی کمیٹی قائم کی گئی۔ قانونی کمیٹی میں فاروق نائیک، رانا ثناء اللہ، کامران مرتضیٰ شامل ہیں۔ دونوں کمیٹیاں آج دو بجے اتحادیوں کے اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کریں گی۔ کمیٹیوں کی رائے کی روشنی میں کابینہ سے کارروائی کی منظوری لی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے کو مثال بنایا جائے۔ فضل الرحمان نے اجلاس میں مطالبہ کیا کہ عمران خان کو نااہل قرار دیا جائے، تحریک انصاف پر پابندی لگائی جائے۔