کور کمانڈر کو ئٹہ سر فراز علی سمیت 6سوار شہید
اسلام آباد‘ لاہور (نمائندہ خصوصی‘ خصوصی نامہ نگار‘ عبدالستار چودھری‘ نیوز رپورٹر) بلوچستان میں پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسیٰ گوٹھ سے مل گیا جس میں سوار کور کمانڈر کوئٹہ سمیت تمام 6 افسروں‘ جوانوں کی شہادت کی تصدیق ہو گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہو گیا تھا جس میں 12 کور کے کمانڈر سمیت 6 افراد سوار تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر کو خراب موسم کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ کے علاقے وندر میں موسیٰ گوٹھ سے ملا۔ واقعہ میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 6 افسران اور سپاہی شہید ہو گئے جن میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بھی شامل ہیں۔ شہداء میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف ستی‘ بریگیڈیئر محمد خالد‘ میجر سعید احمد‘ میجر محمد طلحٰہ منان اور نائیک مدثر شامل ہیں۔ ڈائریکر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر امجد حنیف راولا کوٹ آزادکشمیر کے رہائشی اور ایک بیٹی اور 2 بیٹوں کے والد تھے۔ شہید بریگیڈیئر محمد خالد فیصل آباد کے رہائشی تھے۔ ان کا تعلق کور آف انجینئرز سے تھا۔ انہوں نے ضرب عضب کے دوران بارودی سرنگوں اور دیگر آئی ای ڈیز کی صفائی کو یقینی بنایا۔ اب انجینئرز کور سے ہونے کے ناطے کہ بلوچستان میں ریسکیو اور ریلیف کی تمام سرگرمیوں کی قیادت کر رہے تھے۔ شہید میجر سعید احمد (پائلٹ) ایک بیٹا اور بیٹی کے والد تھے۔ ان کا تعلق لاڑکانہ سے تھا۔ شہید میجر محمد طلحہ منان (کو پائلٹ) کے دو بیٹے ہیں۔ صدر عارف علوی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں فوجی افسروں اور جوانوں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے صدر مملکت کو بتایا موسم کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوئی جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔ آرمی چیف نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ حاصل کر لیا گیا ہے اور تمام فوجی افسران و جوان جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ ایوان صدر کے مطابق آرمی چیف سے گفتگو میں صدر مملکت نے شہداء کے جنازے میں بنفس نفیس شرکت کرنے اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرنے کا بھی ذکر کیا۔ صدر مملکت نے شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ کیلئے اظہار ہمدردی بھی کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے ملک و قوم کیلئے شہداء کی خدمات کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے فرض شناس بیٹے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کاموں میں مصروف تھے اور انہوں نے اپنے فرض کی ادائیگی اور قوم کی خدمت کیلئے انتہائی جانفشانی اور لگن سے کام کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار یہ سپوت قوم کے محسن ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف سے اپنی گفتگو کے دوران ان کے سابقہ دورہ گوادر کے دوران کور کمانڈر جنرل سرفراز علی سے ملاقات کی اور ان کی جانب سے دی گئی بریفنگ کا بھی ذکر کیا۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ اس بریفنگ کے دوران میں نے انہیں انتہائی قابل‘ ذہین اور فرض شناس افسر کے طورپر پایا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے لسبیلہ کے نزدیک پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں 6 فوجی افسران کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسروں کی شہادت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں جنہوں نے اپنی جانیں سیلاب متاثرین کیلئے قربان کر دیں۔ قوم کے فرض شناس فرزند انسانی خدمت کی روشن مثال ہے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں فلڈ ریلیف سرگرمیوں میں مصروف پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے نکلنے والے فوجی جوانوں کو فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا عظیم رتبہ پانے پر خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادتوں کی خبر المناک ہے۔ میری دعائیں اور ہمدردیاں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ بلوچستان میں حب ڈیم کے نزدیک ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے کور کمانڈر کوئٹہ سمیت دیگر افسران کی نماز جنازہ آج (3 اگست) کو ساڑھے پانچ بجے آرمی قبرستان راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ میں مسلح افواج کے افسروں، سول سوسائٹی اور شہداء کے عزیزو اقارب سمیت شہریوں کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے تصدیق کی کہ پاک فوج کا گزشتہ روز حادثے کا شکار ہونے والے بدقسمت ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ میں وندر کے علاقے موسی گوٹھ سے ملا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان میں فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہو ئے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور میجر جنرل امجد، بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ منان اور مدثر حیات کی شہادت پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری نے فوجی افسران کی شہادت پر صدمے کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے کہا ہے کہ جو افسران اور جوان شہید ہوئے انہیں معلوم تھا کہ وہ ایک خطرناک مشن پر جا رہے ہیں، اس کے باوجود اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اس مشن کو کامیاب بنانے کیلئے ملک کی خاطر اپنی جان کی قربانی دے دی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ ملیر گیریژن میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیف آف نیول سٹاف امجد نیازی، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید، کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل ذکاء اللہ جان، ائر وائس مارشل زعیم افضل، کمانڈر کوسٹ نیوی ریئر ایڈمرل جاوید اقبال و دیگر نے شرکت کی۔ شہداء لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجر جنرل امجد، بریگیڈئر خالد، میجر طلحہ، میجر سعید اور لانس نائیک مدثر کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔