• news

ہیلی کا پٹر حا دثہ کے شہدا ء کی نما ز جنازہ  ، وزیر عظم آرمی چیف کی شر کت 


اسلام آباد‘  لاڑکانہ‘ نارووال (خبر نگار خصوصی+ نامہ نگاران) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کوئٹہ گیریژن میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز جنازہ ادا کی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی، وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزراء اور دیگر اہم و عسکری شخصیات کے علاوہ عزیزواقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں فوجی افسران کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں آرمی چیف زیارت میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا شہید کے اہل خانہ سے بھی ملے۔ نماز جنازہ کے بعد لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کا جسد خاکی راولپنڈی روانہ کردیا گیا۔ علاوہ ازیں میجر جنرل طلحہ منان کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کردی گئی جس میں چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس اور کور کمانڈر راولپنڈی ساحر شمشاد نے بھی شرکت کی۔ دریں اثنا میجر محمد سعید کی نماز جنازہ لاڑکانہ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی۔ نائیک مدثر فیاض کی نماز جنازہ شکر گڑھ نارووال میں ادا کی گئی۔ تینوں شہدا کی تدفین کے وقت انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ شہید لیفٹیننٹ  جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر خالد کے جسد خاکی راولپنڈی میں منتقل کر دیئے گئے جہاں شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی نمازجنازہ  شام ساڑھے 5 بجے راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ شہید میجر جنرل امجد حنیف اور بریگیڈیئر خالد کی نماز جنازہ بھی شام ساڑھے 5 بجے راولپنڈی میں ادا کی گئی۔کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجر جنرل امجد حنیف اور بریگیڈئیر خالد کی نماز جنازہ بدھ کو آرمی قبرستان راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، وزیر دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹس چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، غیرملکی شخصیات، شہداء کے لواحقین، سول اور مسلح افواج کے افسران نے شرکت کی۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے کے شہیدوں کے جنازے میں شرکت کی۔ شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ بہادر افسران اور جوانوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ دریں اثناء صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلیوفونک رابطہ کیا۔ صدر مملکت نے  آرمی چیف سے بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے پر دوبارہ بات چیت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں پاکستان آرمی اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ صدر مملکت لواحقین سے اظہار تعزیت  کیلئے  ان کی رہائش گاہوں  پر جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن