• news

عمران ملکی تا ریخ کے سب سے بڑے چور، عوام کے مجرم : بلاول 


کراچی (نمائندہ خصوصی ‘نوائے وقت رپورٹ‘ اے پی پی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ملکی سیاست کو آلودہ کرنے والے عمران خان عوام کے مجرم ہیں‘ عمران خان نے کرپشن کے خلاف نام نہاد مہم اسی لیے چلائی کہ اپنی کرپشن کو چھپا سکیں۔ الیکشن کمشن کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عمران خان ملکی تاریخ کے سب سے بڑے چور ثابت ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کا بیانیہ جھوٹا نکلا۔ پی ٹی آئی کی بنیاد ہی کرپشن پر رکھی گئی تھی۔ الیکشن کمشن کو تحقیقات سے روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کرنے والے عمران خان آج قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ غیرملکیوں سے فنڈز لے کر غیرملکی سازش کا نعرہ لگانا پی ٹی آئی کی منافقت تھی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جو شخص جھوٹا حلف نامہ الیکشن کمشن کو دے، وہ صادق اور امین نہیں ہوسکتا۔ دریں اثناء بلاول بھٹو آسیان کے زیراہتمام 29 ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لئے کمبوڈیا پہنچ گئے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ کمبوڈیا کے تین روزہ دورے کے دوران مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ دورے کے دوران کمبوڈیا کے وزیراعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن