لاہور ہائیکورٹ: اسحاق ڈار کو نااہل کرانے کی درخواست، الیکشن کمشن، دیگر کو نوٹس جاری
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے سینیٹر اسحاق ڈار کو نااہل کروانے کے کیلئے دائر درخواست پر الیکشن کمشن آف پاکستان و دیگران کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا کہ چیئرمین سینٹ کو اسحاق ڈار کی نااہلی کا ریفرنس بھیجا، چیئرمین سینٹ سے معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا، الیکشن کمشن اسحاق ڈار کی نااہلی سے متعلق ریفرنس پر فیصلہ نہیں کر رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے عطاء الحق قاسمی کیس میں 4 کروڑ کی ریکوری اسحاق ڈار سے کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کو اسحاق ڈار کی نااہلی سے متعلق جلد فیصلہ کرنے کا حکم دے۔ دوران سماعت اظہر صدیق نے اعتراض اٹھایا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو طلب ہی نہیں کیا گیا پھر یہ کیوں اس کیس میں پیش ہو رہے ہیں۔ الیکشن کمشن وفاقی حکومت کے ساتھ ملا ہوا ہے، حالانکہ الیکشن کمشن ایک خود مختار ادارہ ہے۔