ڈالر ایک روز میں 11.50سونا 8600روپے تولہ ریکارڈ سستا : سٹاک مارکیٹ میں تیزی
کراچی (کامرس رپورٹر) اوپن کرنسی مارکیٹ میں گزشتہ روز ڈالر کی قیمت میں 11.50 روپے کی ریکارڈ کمی ہوئی۔ دوسری طرف سونے کی قیمت میں 8600 تولہ کی تاریخی کمی واقع ہوئی جبکہ سٹاک مارکیٹ 87 پوائنٹ بڑھ گئی۔ بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پر امریکی ڈالر کے سامنے روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی اور ڈالر مسلسل نیچے رہا۔ انٹر بنک میں کاروبار کے اختتام تک ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر 9 روپے 58 پیسے کمی آئی، جس سے ڈالر 228 روپے 80 پیسے پر بند ہوا۔ سٹیٹ بنک کے مطابق بدھ کے روز ڈالر کی قدر میں 4.19 فیصد کمی واقع ہوئی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں تیزی سے کمی ہوئی اور روپیہ تگڑا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھائو 11.50 روپے کم ہو کر 229 روپے ہو گیا۔ یورو 15 روپے سستا ہو کر 230 روپے پر آ گیا ہے۔ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 8 ہزار 600 روپے کمی ہوئی ہے۔ 8 ہزار 600 روپے کمی کے بعد ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ 45 ہزار 300 روپے ہے۔ دس گرام سونے کا بھائو 7 ہزار 373 روپے کم ہوکر 1 لاکھ 24 ہزار 57 روپے ہے۔ عالمی صرافہ بازار میں سونے کا بھائو 14 ڈالر کم ہو کر 1766 ڈالر فی اونس ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کا مثبت دن رہا۔ کاروبار کے دوران 100 انڈیکس‘ کاروباری حجم اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 877 پوائنٹس اضافے سے 41 ہزار 68 پر بند ہوا ہے۔ بازار میں 33 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت دس ارب روپے سے زائد رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 129 ارب روپے بڑھ کر 6 ہزار 826 ارب روپے ہے۔ دوسری طرف کے ایس ای 30 انڈکس 321.74 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 15569.58 پر بند ہوا۔