• news

حکومت نے تاجروں پر بجلی بل کیساتھ فکس ٹیکس ایک سال کیلئے موخر کردیا 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت اور  تاجر تنظیم کے درمیان مذاکرات کے متعدد ادوار کے بعد حکومت نے تاجروں پر بجلی کے بلز کے ساتھ  نافذ کئے جانے والے فکس ٹیکس  کو ایک  سال کے لئے واپس لینے کا اعلان  کیا ہے۔ وزارت خزانہ نے پہلے فکس ٹیکس ختم کرنے کی تردید جاری کی اور بعد ازان مرکزی انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ، نعیم میر  اور دوسرے تاجر راہنمائوں پر مشتمل وفد کے  پہلے ایف بی آر اور بعد ازاں وزارت خزانہ میں حکومتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات ہوئے۔ وفاقی وزیرخزانہ اور وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے تاجر راہنمائوں کی کوموجودگی میں فکس ٹیکس کو واپس لینے کا اعلان کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف  اور مریم نواز شریف اور دیگر قیادت کی ہدایت پر بجلی کے بلز پر فکس ٹیکس کو ایک سال کے لئے واپس لے رہے ہیں۔ وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا کہ  تین ماہ تک  پہلے والا سسٹم ہی رائج رہے گا۔ بعد میں تاجر نمائندوں کی مشاورت سے اس نظام کو بہتر بنانے کوشش کی جائے گی۔ دریں اثنا تنطیم تاجران جس نے17اگست کو ہڑتال کی کال دے  رکھی ہے کے صدر کاشف چودھری نے کہا کہ ان کی تنظیم اس کا نوٹیفکیشن دیکھنے کے بعد  رد عمل دے گی۔ اگر تاججروں کا مطالبہ تسلیم کر لیا جاتا ہے تو  ہم بھی فیصلہ کریں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن