خانہ کعبہ کے اطراف سے حفاظتی رکاوٹیں ہٹا دی گئی
ممتازاحمدبڈانی ،سعودی عرب
رکاوٹوں کے باعث زائرین حجراسود کو بوسہ، ملتزم پر دعائیں مانگنے اور حطیم میں نماز ادا نہیں کرسکتے تھے
ڈاکٹر السدیس نے زائرین کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ ’خانہ کعبہ کے اطراف جو رکاوٹیں حفاظتی تدبیر کے طور پر قائم کی گئی تھیں ایوان شاہی نے انہیں ہٹانے کی منظوری دے دی ہے۔
خانہ کعبہ کے اطراف رکاوٹوں کی وجہ سے زائرین حجراسود کو بوسہ، ملتزم پر دعائیں مانگنے اور حطیم میں نماز ادا نہیں کرسکتے تھے۔ رکاوٹیں قائم کرنے سے قبل وہ حطیم میں نماز بھی ادا کرتے تھے۔ ملتزم پر جاکر دعائیں مانگتے اور حجر اسود کو بوسہ دینے کی سنت ادا کرپاتے تھے۔ ملتزم خانہ کعبہ کا وہ حصہ ہے جو دروازے اور حجر اسود کے درمیان واقعے ہے جس سے چمٹ کر دعائیں مانگی جاتی ہیں۔ یہ وہ مقام ہے جہاں دعائیں قبول ہوتی ہیں۔
ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے مسجد الحرام میں تمام اداروں کو چوکس کیے ہوئے ہے۔ اعلی قیادت کی آرزو کے عین مطابق زائرین کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کے لیے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔
ڈاکٹر السدیس نے حرمین شریفین کے ساتھ غیرمعمولی عقیدت اور ان سے دلچسپی لینے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے دلی قدرو منزلت کا اظہار کرتے ہوئے اپنا بیان ان دعائیہ کلمات پر ختم کیا کہ اللہ تعالی ان کی ان عظیم الشان خدمات کو ان کے اعمال صالحہ کا حصہ بنادے۔