روسی عدالت نے امریکی خاتون کھلاڑی کوقید‘جرمانہ کی سزا سنا دی
لاہور(سپورٹس ڈیسک )روسی عدالت نے امریکی خاتون باسکٹ بال کھلاڑی برٹنی گرینر کو ممنوعہ منشیات رکھنے کے الزام میں سزا سنا دی ہے۔امریکی خاتون باسکٹ بال کھلاڑی کو روسی عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے پر رد عمل دیتے ہوئے امریکی صدر جو بائڈن نے عدالتی فیصلے کو ناقابل قبول فیصلہ قرار دیا ہے، جبکہ وکیل دفاع نے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔دو مرتبہ اولمپک گولڈ میڈلسٹ امریکی خاتون باکسٹ بال کھلاڑی برٹنی گرینر کو روسی حدود میں ممنوعہ منشیات لانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔عدالتی فیصلے سے قبل برٹنی گرینر نے روتے ہوئے جج سے التجا کی کہ انہیں سخت قید کی سزا سنا کر انکی زندگی برباد نہ کی جائے، عدالت نے انہیں 9 سال سزا کےساتھ 1 ملین روبل (تقریباً 16 ہزار 990 ڈالر) جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔برٹنی گرینر کے وکیل نے فیصلے کو غیر معقول قرار دیتے ہوئے فیصلے کےخلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ان کی جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے شواہد کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ برٹنی گرینر کو 17 فروری کو ان کے سامان سے ہشیش آئل برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا، انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ کوئی ممنوعہ چیز روس لانے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں تھا کہ نہ ہی وہ کسی کے احساسات مجروح کرنے کا کوئی ارادہ رکھتی تھیں۔