• news

سیا سی وابستگی سے با لا تر ہو کر عوام کی خدمت کریں گے : پرویز الہی 


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویزالٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ عام آدمی کی فلاح سب سے زیادہ عزیز ہے اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کریں گے۔ ہم نے مل کر عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنی ہیں اور ہمارے ہر اقدام کا محور غریب آدمی ہو گا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین نے کہا کہ پنجاب میں ایک بار پھر عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت عوامی خدمت کے لئے موجود ہے۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ بھارت نے قیام پاکستان کے وقت ہی سازشیں شروع کر دی تھیں۔کشمیر میں مداخلت کرکے بھارت نے امن کی فضا خراب کی جبکہ دوسری طرف فلسطین میں سازش کرکے امن خراب کیا گیا۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کشمیر سے ہی مکمل ہوگا۔ یوم استحصال کشمیر کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔ میں عمران خان کو تنازعہ کشمیر جنرل اسمبلی میں موثر طریقے سے اٹھانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ کشمیر ی عوام کے ساتھ پاکستانی قوم کا خونی رشتہ ہے۔ کشمیر یوں کی جدوجہد آزادی جاری رہے گی۔ جب تک ہم خود کچھ نہیں کریں گے تو کوئی ہماری مدد کو نہیں آئے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈاؤن پر دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر ایشو پر آواز اٹھی ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔ کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ نہ صرف پنجاب بلکہ پورا پاکستان آزادی کشمیر کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔ پرویز الٰہی نے یوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5اگست 2019ء کو بھارت نے غیور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو بزور بندوق چھینا۔ بھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے تمام بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائیں۔ وزیراعلیٰ سے لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری اور سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس رانا محمد عظیم نے ملاقات کی۔ پرویز الٰہی نے لاہور پریس کلب کی گرانٹ 2 کروڑ روپے کرنے کی منظوری دی اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات کو گرانٹ کے اجرا کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ صحافی کالونی کا فیز 2 بھی لائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن