خطے کے مسا ئل سٹر یٹجک کی بجا ئے مسا ویا نہ طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے: بلاول
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ اے پی پی) پاکستان نے اپنے اس اصولی موقف کا اعادہ کیا ہے کہ وہ خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کی کوششوں کا اہم شراکت دار رہے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ میں 29ویںآسیان علاقائی فورم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خطے کے ملکوں کے درمیان تذویراتی مقابلے کی بجائے مسائل کے مساویانہ حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشیا بحرالکاہل کے علاقے کو پرامن اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہے اور اس خطے کو تذویراتی مقابلوں کا میدان نہیں بننا چاہئے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان آسیان فورم کو مستحکم کرنے کے لئے آسیان علاقائی فورم کے تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ تنازعات کو روکنے کی غرض سے دوسرے بین الاقوامی فورموں کے ساتھ روابط پیدا کئے جائیں۔ ماحولیاتی تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے شدید متاثر اور محدود آمدنی والے ملکوں کے لئے قابل عمل حل کی ضرورت پر زور دیا اور اس خطرے سے نمٹنے کے لئے زیادہ بین الاقوامی مدد کا مطالبہ کیا۔ یوکرائن میں جنگ کے تسلسل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے زور دیا کہ دشمنوں کے خاتمہ، انسانی ضروریات پر مسلسل توجہ مرکوز کرنے اور مذاکرات شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کمبوڈیا کے شہر نوم پنہ میں 29 ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر جمعہ کو تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ڈان پرامودونائی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان تعلقات کی صورتحال کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعاون کی رفتار پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کے اعلی نمائندہ جوزف بوریل سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور اعلیٰ نمائندے کے مابین پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ اور علاقائی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے باقاعدہ تبادلوں اور مفید باہمی تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ نے دوطرفہ تجارت پر جی ایس پی پلس کے اثرات کو سراہا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انڈونیشیا کی وزیر خارجہ رتنو مارسودی سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 29ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے سے جڑے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جبکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور رفتار فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر دو طرفہ تبادلوں اور باقاعدہ بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا۔