• news

9سیٹوں پر صمنی انتخاب 25ستمبر کو : عمران کا تمام حلقوں سے خود الیکشن لڑنے کا اعلان 


اسلام آباد‘ لاہور (خصوصی نامہ نگار + سپیشل رپورٹر +نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کی خالی ہونے والی 9 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کرتے ہوئے دو مخصوص نشستوں پر نامزدگی کیلئے پی ٹی آئی سے نام  بھی مانگ لئے ہیں۔ تحریک انصاف کی خالی ہونے والی نشستوں میں این اے 22مردان تھری ، این اے 24چارسدہ ٹو، این اے 31پشاورV، این اے 45کرم ون، این اے108فیصل آبا د VIII، این اے 118ننکانہ صاحبII، این اے 237ملیر II، این اے 239کورنگی کراچی ون ، این اے 246کراچی سائوتھ شامل ہیں۔ الیکشن کمشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 9 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخاب 25 ستمبر کو ہوگا۔ ضمنی انتخا ب کیلئے امیدوار 10 اگست سے 13 اگست تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ حتمی فہرست 14اگست کو جا ری ہو گی۔ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی۔ 27 اگست کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی اور 29 اگست کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے جن اراکین کے استعفے منظور کیے گئے تھے ان میں علی محمد خان، فضل محمد خان، شوکت علی، فخر زمان‘ فرخ حبیب، اعجاز احمد شاہ، کراچی سے جمیل احمد خان، محمد اکرم چیمہ، عبدالشکور شاد بھی شامل ہیں۔ شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار کی خالی نشستوں پر بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی سے نامزدگیاں طلب کی گئی ہیں۔دوسری طرف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کے 9حلقوں سے خود ضمنی انتخابات لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے قومی اسمبلی کے ان 9 حلقوں سے خودضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد  سے اپنے سٹاف رپورٹر سے کے مطابق  چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان  جمعہ کے روز شہید کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی رہائشگاہ  پہنچے انہوں نے لیفٹینٹ جنرل سرفراز علی شہید کے صاحبزادے کیپٹن احمد سمیت اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کی بلند درجات کیلئے دعا اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ شہید افسر کے اہلِخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار بھی کیا۔لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے  ناصر سلمان  فوکل پرسن چئیرمین تحریک انصاف برائے تاجران کی قیادت میں لاہور سمیت پنجاب بھر سے تاجر  رہنماؤں  نے بنی گالہ میں  ملاقات  کی، اس موقع پر اسد عمر سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی بھی موجود تھے، تاجر برادری نے درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ عمران خان اور اسد عمر نے  تاجر برادری کو  مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی‘ عمران خان نے کہا کہ رات  نو بجے مقرر کیا ٹائم جلد ختم کردیا جائے گا۔ اسد عمر نے کہا کہ ناصر سلمان کو پاکستان میں انصاف ٹریڈرز کو منظم کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ فنڈ ریزنگ روکی گئی تو لوگ مافیا سے پیسے لیں گے۔ میں نے اپنی حکومت میں دو بڑی غلطیاں کیں پہلی نہیں بتائوں گا لیکن دوسری بڑی غلطی سکندر سلطان راجہ کو چیف الیکشن کمشنر لگانا تھی۔ میرے دورہ روس پر ادارے آن بورڈ تھے، بنی گالہ میں اینکر پرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ عام انتخابات 2022ء میں ہی ہوں گے نواز شریف واپس نہیں آئیں گے ان کا پلان خراب ہوگیا ہے، مجھے 20 مئی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔ لیکن بعد میں فیصلہ بدل دیا گیا اگر موجودہ امپورٹڈ حکومت نے الیکشن کی تاریخ نہ دی تو ہم سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے، میرے لیے عام انتخابات اہم ہیں پنجاب حکومت اہم نہیں، فوری عام انتخابات کے بغیر گزارہ نہیں ہوگا۔ مجھے نااہل نہیں کیا جا سکتا، نا اہلی کاڈر ہے۔ یہ مجھے سنگل آؤٹ کرنا چاہتے ہیں، ہر میدان میں ان کا مقابلہ کرونگا۔
 

ای پیپر-دی نیشن