• news

دنیا بھر میں مظا ہرے ، بھارتی با ظم الا مور کی    طلبی، کشمیریوں کا محا صرہ ختم ہونا چا ہئے: پاک فوج 


راولپنڈی‘ اسلام آباد‘ لاہور‘ (خبر نگار خصوصی + نمائندگان + اپنے سٹاف رپورٹر سے + خصوصی نامہ نگار) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جابرانہ تسلط 5 اگست 2019ء کے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف مقبوضہ وادی میں گزشتہ روز ہڑتال جبکہ ملک بھر میں یوم استحصال منایا گیا۔ پاکستان، آزاد کشمیر کے علاوہ دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سیمینارز اور کانفرنسز‘ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کی حمایت اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بڑے پیمانے پر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ یوم استحصال کی مناسبت سے پاکستان سمیت خصوصاً دارالحکومت اسلام آباد میں شاہراہوں اور عمارتوں پر بڑے بینرز آویزاں کیے گئے۔ دوسری جانب مقبوضہ وادی میں تمام کشمیری جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے بھرپور ہڑتال جاری ہے۔ 5 اگست 2019ء  کو بھارت کی مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرتے ہوئے علاقے کا فوجی محاصرہ کرلیا تھا۔ مقبوضہ وادی میں احتجاج روکنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں اضافی نفری تعینات کرتے ہوئے وادی کو سیل کر دیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 5 اگست 2019ء  کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کے تین برس مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ  ہم کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے ہر طرح کے بھارتی حربے اور انتہائی ظلم و جارحیت کے سامنے کشمیریوں کی تین نسلوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019ء  کے اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی  متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ قابض افواج کا انتہائی  ظلم وجبر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہیں توڑ سکا۔ ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان  ہمیشہ کی طرح کشمیری بھائیوں اور بہنوں  کی  جدوجہد میں  ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑا رہے گا۔ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ  بھارت کو  مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ بنانے اور اس دیرینہ تنازع کے پرامن حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر بھارت سے آزادی کے لیے لازوال جدوجہد پر کشمیریوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر کشمیریوں کو سلام ہے جو سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف آہنی عزم کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔ ہم تمام کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ او آئی سی سمیت عالمی برادری نے بھارت سے 5 اگست 2019ء  کے اقدامات واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، بھارت ان عالمی مطالبات پر عمل کرے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و ترقی کے لیے جموں کشمیر کے تنازع کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق منصفانہ حل کرنا ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا مودی حکومت نے چوتھے جنیوا کنونشن کی صریحاً خلاف ورزی کی اور بھارتی تسلط میں مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کر دی‘ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ بھارتی ناظم الامور کو گزشتہ روز دفتر خارجہ طلب کیا گیا‘ ترجمان کے مطابق 5 اگست کے اقدامات کو 3 سال مکمل ہونے پر احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق کہا گیا بھارتی غاصبانہ اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج بہادر اور جرات مند کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یوم استحصال کشمیر پر آئی ایس پی آر نے پیغام میں کہا کہ کشمیر کے شہداء کو عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کا بدترین محاصرہ ختم ہونا چاہئے۔ عالمی برادری بھارت کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف کردار ادا کرے۔ آزاد اور مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی بربریت کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے اور مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے‘ بھارت کے غیرقانونی اقدامات کے خلاف ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی شاہراہوں پر ٹریفک کو ایک منٹ کے لئے روکا گیا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ریلی بھی نکالی گئی جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف‘ وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ‘ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے عملے سمیت شہریوں نے بھی شرکت کی۔ دوسری جانب کشمیر کونسل یورپی یونین نے اپنے بیان میں کہا کہ انسانی اقدار کے چیمپئن عالمی ممالک کی مجرمانہ خاموشی تاحال قائم ہے لیکن کشمیریوں کا جذبہ حریت ہمیشہ کی طرح بلند ہے۔ کشمیر کونسل ای یو کی جانب سے برسلز میں مظاہرہ بھی کیا گیا اور بھارت پر دباؤ ڈال کر کشمیر کی پرانی حیثیت کو بحال کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔ لاہور میں پاکستان علما ء کونسل کی اپیل پر آج ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ خطبات جمعہ میں علماء  اور خطبا نے کہا کہ وہ وقت قریب ہے جب کشمیریوں اور فلسطینیوں کو ان کے حقوق ملیں گے اور ہم کشمیر اور فلسطین جائیں گے اور شکرانے کے نفل ادا کریں گے۔ لاہور میں استحصال کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء  کونسل و متحدہ علماء  بورڈ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا اس خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے، اس موقع پر علامہ حسین اکبر،مولانا عبدالوہاب روپڑی،حافظ کاظم رضا، مولانا اسداللہ فاروق،علامہ زبیر عابد، مولانا سید ضیاء  اللہ شاہ بخاری، مولانا محمد خان لغاری، مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا قاری مبشر رحیمی ، مولانا عبد الغفار فاروقی،سمیت علماء کرام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ قصور میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع بھر میں یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا‘پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں اور یوم استحصال کشمیر ریلیاں نکالی گئیں۔ گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر قصور رضوان الحق پوری کی قیادت میں ڈی سی آفس میں یوم استحصال کشمیر ریلی نکالی گئی جس میں تمام ضلعی محکموں کے افسران و ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر سمندری نے کہا کہ کشمیری عوام آزادی کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اس مقصد کے لئے پاکستان اور کشمیر کے عوام نے بے شمار قربانیاں دی ہیں جو جلد رنگ لانے والی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ احمد سعید منج نے سیمینار کی صدارت کی جس میں کشمیر کے حق میں نعرے لگائے گئے۔شرکاء بینرز اور کشمیر کے جھنڈے لہراتے رہے۔اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی پر زور مذمت کی۔  ننکانہ میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم استحصال منایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس سے کشمیریوں کے حق میں ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر ننکانہ احمر نائیک اور ڈی پی او ننکانہ سید خالد ہمدانی نے کی جبکہ ریلی میں ضلع بھر کے افسران و ملازمین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، اس موقع پر پرنسپل رانا محمد طارق، سید علی شاہ اور مزمل رفیق نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے بھارتی مظالم بند کرانے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کا مطالبہ کیا گیا۔ جھنگ میں یوم استحصال کشمیر کی تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام مرکزی کشمیر ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر احمد کمال مان نے کی۔ ضلع میانوالی کے چھوٹے بڑے شہروں میں یوم استحصال کشمیر کے حوالہ سے ریلیوں کا انعقاد ہوا۔ فضائیں کشمیر بنے گا پاکستان اور کشمیر سے رشتہ کیا لااِلہ اِلا اللہ، مودی مردہ باد اور بھارتی درندو کشمیر سے نکل جاؤ، کے نعروں سے گونجتی رہی۔ میانوالی شہر میں مرکزی عظیم الشان ریلی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو سید نذارت علی کی قیادت میں جی پی او چوک سے شروع ہو کر جہاز چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں تمام شعبہ ہا ئے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ چنیوٹ میں بھی یوم استحصال کشمیر منایا گیا اور کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی۔ ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے ہوتی ہوئی قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشن ڈویلپمنٹ چنیوٹ میں جا کر اختتام پذیر ہوئی۔ سرگودھا میں بھی 5 اگست یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ ذرائع کے مطابق یوم استحصال کشممیر پر تمام سرکاری دفاتر میں صبح 9 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی ظلم و ستم کی مذمت کرنے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کیلئے آرٹس کونسل کمپلیکس میں سیمینار منعقد ہوا جس میں شرکاء نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کی۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے زور دیا ہے کہ کشمیریوں کے خلاف جاری بھارتی غیرقانونی اقدامات کے خلاف عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کی حقیقی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ شیخوپورہ میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں تقریب اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے واک کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی خرم شہزاد ورک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) میاں نذیر، ایڈمن آفیسر ڈپٹی کمشنر آفس سید اظہر عباس گیلانی اور چیف آفیسر ضلع کونسل احسن عنایت سندھو ، کوآرڈینیٹر میونسپل کمیٹی حاجی غلام نبی ورک، ایکسئن ضلع کونسل محمد عبداللہ، صوبائی نائب صدر وضلعی جنرل سیکرٹری ایپکا حاجی عبدالرشید نجمی و دیگر نے شرکت کی۔ جبکہ واک کی قیادت رکن صوبائی اسمبلی خرم شہزاد ورک نے کی۔

ای پیپر-دی نیشن