• news

بھارت نے کشمیری قوم کے بنیادی حقوق بھی سلب کردئے:طارق محمود مغل 

 گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) مقبوضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنے کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کے تین سال مکمل ہونے کے موقع پر پنجاب حکومت اور ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ کے حکم پر یوم استحصالِ کشمیر منانے کے لیے سول ڈیفنس کے ایڈیشنل چیف وارڈن طارق محمود مغل اور سول ڈیفنس آفیسر محمد الطاف نوری کی قیادت میںبھارت کے خلاف بھرپور ریلی نکالی، ریلی میںسول ڈیفنس کے جوانوں کے علاوہ سیاسی سماجی شخصیات،شہریروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف وارڈن طارق محمود مغل نے کہا کہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل ہے جس میں کشمیریوں کو قیدیوں والے حقوق بھی میسر نہیں ہیں ،بھارت نے کشمیری قوم کے بنیادی انسانی حقوق بھی سلب کر رکھے ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں عوام بیگار کیمپوں جیسے حالات میں زندگی بسر کررہے ہیں۔ اور پوری دنیا بھارت کے غیر آئینی ، غیر قانونی ، غیر اخلاقی اور غیر انسانی اقدامات پر خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازع کشمیرحل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں،مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی جبرکے باعث خطے کوشدید خطرات لاحق ہیں، کشمیر کی آزادی تک پاکستان میں کوئی چین سے نہیں بیٹھے گا، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تناظر میں حق خود ارادیت ملنا چاہیے ۔

ای پیپر-دی نیشن