• news

 آسٹریلیا سے بد ترین شکست‘قومی ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز سے باہر 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز ہاکی ایونٹ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں سات گول سے شکست دیدی،آسٹریلیا کی جانب سے جیریمی اور ٹام نے دو دو جبکہ بلیک ،ناتھن اور جیکب نے ایک ایک گول سکور کیا۔ آسٹریلوی ہاکی ٹیم نے پاکستان کو آخری گروپ میچ میں سات گول سے شکست دے کر کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز کی دوڑ سے باہر کردیا ، پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے سات گولز کے جواب میں ایک بار بھی گیند کو جال کی راہ نہ دکھا سکی۔یونیورسٹی آف برمنگھم ہاکی سینٹر میں کھیل کے آغاز میں تو پاکستانی کھلاڑی کافی جارح مزاج نظر آئے اور ابتدائی 8 منٹ میں حریف کی گول پوسٹ پر تین وار کیے تاہم ان حملوں کو گول میں تبدیل نہ کرسکے۔بارہویں منٹ میں آسٹریلیا کو بلیک گروورز نے گول کر کے برتری دلادی جبکہ دوسرے کوارٹر میں کھیل کے مجموعی طور پر 19 ویں منٹ میں جرمی ہیورڈ نے مقابلہ 0-2 کر دیاجس کے بعد کیینگروز نے کھیل کو مزید تیز کیا اور پے درپے حملے کیے مگر پاکستانی گول کیپر ڈٹے رہے۔ دوسرا کوارٹر آسٹریلیا کی 0-2 کی برتری کےساتھ ختم ہوا، تیسرے کوارٹر میں جرمی ہیورڈ نے ایک اور گول داغ دیا ، 2منٹ بعد ہی ٹام وک ہم نے سکور 0-4 کیا۔ چوتھا کوارٹر شروع ہوتے ہی وک ہم نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا پانچواں گول سکور کیا۔جیکب اینڈرسن نے چھٹا اور نیتھن افرامس نے ساتواں گول سکور کیا۔ پاکستان 0-7 کی شکست کےساتھ میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم گروپ میں چوتھے نمبر پر رہی اور ٹورنامنٹ میں اب ساتویں پوزیشن کیلئے کینیڈا سے مقابلہ کرےگا۔پاکستانی ٹیم کامن ویلتھ گیمز 2022 میں چار میں سے صرف ایک میچ جیت سکی اور ایک ڈرا ہوا۔ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم 6 گول کرسکی جبکہ اس کے خلاف 15 گول ہوئے۔پاکستان ساتویں،آٹھویں پوزیشن کا میچ کینیڈا کے خلاف 6 اگست کو کھیلے گا۔مینز ہاکی ایونٹ کے سیمی فائنل آج کھیلے جائیں گے۔ پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں یونیورسٹی آف برمنگھم ہاکی اینڈ سکواش سنٹرپر آمنے سامنے ہوں گی جبکہ اسی مقام پردوسرا سیمی فائنل میچ بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن