ہاکی ٹیم کی بدترین کارکردگی، صدر پی ایچ ایف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)کامن ویلتھ گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کی بدترین کارکردگی پر سابق کپتان سمیع اللہ خان نے صدر پی ایچ ایف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور فلائنگ ہارس سمیع اللہ خان کامن ویلتھ گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کی بدترین کارکردگی پر پھٹ پڑے ہیں۔ سمیع اللہ خان نے صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ سات سال میں بھی بہتری نہیں لاسکے تو کسی اور کو موقع دیں۔پاکستان ہاکی ٹیم کی پرفارمنس توقعات کے مطابق نہیں رہی، جنوبی افریقہ کےخلاف جو میچ ڈرا ہوا اس سے نقصان ہوا۔ پاکستان ہاکی ٹیم پر اگر محنت کی جائے تو پہلے جیسی ٹیم واپس آسکتی ہے، حکومت کو ہاکی کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ کھلاڑیوں اور کوچز کو معاوضہ نہیں مل رہا جس کا بہت افسوس ہے جبکہ کھلاڑیوں کو معاوضہ بھی بہت کم ملتا ہے، کھلاڑی ایسے نہیں کھیل سکتے ہیں۔ جب پی ایچ ایف میں سیاست ہوگی تو قومی کھیل کا بدترین حال ہی ہوگا۔