نواز شریف سے ملاقات‘ فارن فنڈنگ کیس انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کر لیا: حمزہ
لندن (نیٹ نیوز) نواز شریف سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت اور تمام اتحادی جماعتوں نے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انا کے پہاڑ پر بیٹھ کر سب کو چور اور ڈاکو کہنے والے ڈیکلیئرڈ صادق اور امین کا قوم محاسبہ کرے گی۔ اگر نواز شریف بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے الزام میں نااہل ہو سکتے ہیں تو عمران نیازی تو سر سے لے کر پیر تک ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ الیکشن اپنے وقت پر 2023ء میں ہو گا اور مجھے پوری امید ہے اس میں مسلم لیگ ن کی الیکشن مہم کی قیادت نواز شریف خود کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو ایسے نہیں چھوڑیں گے۔ عدالت سے انصاف لیں گے، جب اس معاملے پر فل کورٹ بنے گا تو سب دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ نواز شریف پاکستانی سیاست کا محور ہیں‘ جب ڈاکٹرز اور پارٹی مناسب سمجھے گی نواز شریف کی واپسی ہو گی۔