ہمارا مو قف واضح ، پاکستان ، بھا رت مسئلہ کشمیر مذاکرات صے حل کریں : چین
بیجنگ (کے پی آئی) چین نے پاکستان اور بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کرنا چاہئے۔ متعلقہ فریقوں کو تحمل اور ہوشیاری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ خاص طور پر فریقین کو کشیدگی کو بڑھانے والے یکطرفہ اقدامات کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ بھارتی اخبار کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان ہو چن ینگ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر چین کا مؤقف واضح اور مستقل ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے دیرینہ تنازعہ کو مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ ترجمانHua Chunying نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیر کے معاملے پر چین کا مؤقف واضح اور مستقل ہے۔ یہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تاریخ کا چھوڑا ہوا ایک مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری بھی اس مسئلے کے بارے میں ایک مشترکہ نقطہ نظر رکھتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ درحقیقت چین نے تین برس قبل بھی یہی کہا تھا کہ متعلقہ فریقوں کو تحمل اور تدبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ان یکطرفہ اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے کشیدگی میں اضافے کا خطرہ ہو۔