بلد یات ، یو تھ افیئرز کے سیکر ٹری تبدیل ، چیف سیکرٹری کی کام جاری رکھنے سے معذرت
لاہور (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب اسد اللہ فائز کا تبادلہ کرکے سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز پنجاب تعینات کر دیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب عمران سکندر کو تبدیل کرکے سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب‘ ممبر جوڈیشل بورڈ آف ریونیو پنجاب مبشر حسین کو تبدیل کرکے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب تعینات کر دیا گیا جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب سید علی مرتضیٰ سے عہدے کا چارج واپس لیکر محکمہ سروسز رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب کیپٹن (ر) اسد اللہ خان کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کا اضافی چارج تفویض کرکے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے مزیدخدمات جاری رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو مراسلہ لکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مزید خدمات جاری نہیں رکھ سکتا۔ چیف سیکرٹری نے ذاتی وجوہات پر کام جاری نہ رکھنے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے خدمات واپس لینے کی استدعا بھی کر دی۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کو فی الحال کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق کامران علی افضل بطور چیف سیکرٹری کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محرم الحرام اورامن وامان کے پیش نظرپنجاب میں 10 محرم تک کام کرتے رہیں ، عاشورہ کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب کی تبدیلی ہوگی، صوبائی حکومت سے نئے چیف سیکرٹری کے لئے نام مانگے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے وزیراعلی پنجاب کیساتھ بہترین تعلقات ہیں اور انہوں نے مجھے بہت عزت دی، چوہدری پرویز الہی کیساتھ بہترین تجربہ رہا۔ لیکن کچھ وجوہات کے باعث وفاق کو درخواست کی کہ فوری طورپر میری خدمات پنجاب سے واپس لے لی جائیں۔