• news

اسد قیصر، عمران اسما عیل ، محمود الرشید ، دیگر ایف آئی اے طلب 


لاہور‘ پشاور‘ کراچی (نیوز رپورٹر + بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف  کی ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پنجاب کے صوبائی وزیر میاں محمود الرشیدکو طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے تحقیقات کے لیے میاں محمود الرشیدکو 11 اگست کو طلب کیا ہے، میاں محمود الرشید سمیت11افراد کو طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں، ایف آئی اے نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی طلبی کا نوٹس بھی جاری کیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بیک وقت 6 انکوائریز ہو رہی ہیں، ایف آئی اے کی جانب سے کراچی، لاہور،  پشاور  اور کوئٹہ میں انکوائریز جاری ہیں، ایسے 13 اکاؤنٹس کی شناخت ہوئی ہے جن میں یہ رقوم منتقل ہوئیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ  جن بنکوں میں اکاؤنٹس ہیں ان کو نوٹس جاری کئے گئے  ہیں، عدالتوں نے ان بنکوں کو مکمل تفصیلات دینے کے احکامات دے دیئے ہیں، گزشتہ  روز  بھی پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کے چار ملازمین کو طلب کیا گیا تھا، ان چاروں ملازمین کے بیانات قلمبند کر لئے گئے ہیں۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق ممنوعہ  فنڈنگ کیس میںایف آئی اے لاہور نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کو گیارہ اگست کو لاہور آفس طلب کرلیا۔ میاں محمودالرشید کو وفاق کے حکم پر ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقا ت کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹیز نے طلب کیا ہے ۔ اس حوالے سے ایف آئی کی ٹیم نے سوالنامہ تیار کیا ہے جس میں میاں محمودالرشید سے ممنوعہ فارن فنڈنگ کے بارے میں جوابات پوچھے جائیں گے، ان جوابات کی روشنی میں کیس کا فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے ایف آئی اے نے پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ 2002ء کے تحت تحریک انصاف کیخلاف تحقیقات شروع کی ہوئی ہے۔ ایف آئی اے اکنامک کرائم ونگ نے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی ہیں جن کی سربراہی ڈائریکٹر ٹریننگ اطہر وحید کررہے ہیں۔باقی ممبران میں خالد انیس، خواجہ حماد, چوہدری اعجاز اور اعجاز احمد شیخ شامل ہیں ۔زونل کمیٹیاں تحریک انصاف کے اثاثوں کے حوالے سے بھی تفصیلات حاصل اور جانچ پڑتال کریںگی۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے پشاور کے انکوائری افسر کی جانب سے اسد قیصر کو 11 اگست کو ایف آئی اے خیبرپی کے  آفس میں پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔ سابق سپیکر اسد قیصر کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ اکبر ایس بابر کیس کے فیصلے کے مطابق آپ کے 2 بینک اکاؤنٹس ہیں، اسد قیصر 2 بینک اکاونٹس کھولنے اور انھیں چلانے سے منسلک ہیں لہٰذا اسد قیصر انکوائری ٹیم کے سامنے ذاتی حیثیت میں حاضر ہوں اور بینک اکاؤنٹس کے بارے میں سوالات کے جواب دیں۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد ایف آئی اے نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور دفتری ملازمین سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ کراچی میں بھی ایف آئی اے کی 5 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور ٹیم کے قیام کا آفس آرڈر جاری کردیا گیا ہے۔ آرڈر کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینک سرکل رابعہ قریشی ٹیم کی سربراہ مقرر ہوئی ہیں ارکان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر رؤف شیخ، انسپکٹرز سبین غوری، آفتاب وٹو، سب انسپکٹر راحت خان شامل ہیں۔ آرڈر کے مطابق فنڈنگ کرنے والی کمپنیوں، افراد کے بینک اکاؤنٹس اور مالی معاملات کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ ٹیم کی جانب سے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) سمیت ایف بی آر سے بھی تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ ٹیم تحقیقات میں حاصل ثبوت اور تفصیلات ہیڈکوارٹرز کی قائم کردہ ٹیم سے شئیر کرے گی۔ دوسری طرف ایف آئی اے سندھ میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ڈاکٹر سیما ضیا کو طلب کر لیا گیا۔ سیما ضیا کو 12 ‘ عمران اسماعیل کو 15 اگست کو طلب کیا گیا ہے‘ 5 رکنی کمیٹی تحقیقات کے لئے بیانات قلمبند کرے گی‘ کمیٹی تحقیقات کی تفصیلات ہیڈ کوارٹر میں قائم کمیٹی سے شیئر کرے گی۔ مزید براں ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں 5 تحقیقاتی کمیٹیاں قائم کر دیں۔ ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں تحقیقات کیلئے کوآرڈینیشن کیلئے کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے کراچی‘ پشاور‘ لاہور اور اسلام آباد زونز میں بھی الگ سے تین تین رکنی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ کمیٹیاں الیکشن کمشن کے احکامات کی روشنی میں پی ٹی آئی اکاؤنٹس کی تحقیقات کریں گی۔ تحقیقات کے ٹی او آرز الگ سے بھی جاری کئے جائیں گے۔ ڈی جی ایف آئی اے محسن بٹ تمام تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اسد قیصر نے ایف آئی اے کا نوٹس ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے پشاور کی جانب سے ابھی نوٹس ملا‘ تمام ریکارڈ موجود ہے‘ ایف آئی اے کے سامنے پیش کروں گا۔ اسد قیصر نے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکندوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں‘ سیاسی و قانونی محاذ پر بھرپور مقابلہ کروں گا۔

ای پیپر-دی نیشن