سیلاب متا ثرین کیلئے پرائم منسٹر ریلیف فنڈ قا ئم : تبا ہی غیر معمولی ، انصار مدینہ والے جذبے کی ضرورت : شہباز شریف
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی فنڈ قائم کر دیا۔ بیان کے مطابق سیلاب زدگان کے لیے رقوم پرائم منسٹر ریلیف فنڈ 2022 کے اکاؤنٹ نمبر جی-12164 میں جمع کرائی جاسکتی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ جس طرح اہل پاکستان نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے ملک کے سب سے بڑے سیلاب کے وقت متاثرین کی دل کھول کر مدد کر کے پوری دنیا میں ایک مثال قائم کی تھی، آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام باالخصوص مخیر حضرات سے درد مندانہ اپیل کرتا ہوں کہ سیلاب کی تباہی کے شکار اہل وطن کی دل کھول کر مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں نے سیلاب کی صورت میں قیامت صغری برپا کی ہے، بلوچستان میں غیر معمولی تباہی ہوئی ہے، سندھ، خیبرپی کے اور پنجاب میں بھی بے تحاشہ نقصانات ہوئے ہیں ،حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود سیلاب متاثرین کے لیے فوری طور پر 5 ارب روپے جاری کر دیے ہیں۔انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ مشکلات میں گھرے ان پاکستانیوں کو دوبارہ آباد کرنے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں، سیلاب متاثرہ بھائیوں بہنوں اور بچوں کی مدد انصار مدینہ والے جذبے سے کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وفاق نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، صوبائی حکومتوں سے بھی گزارش کی ہے کہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیں تاکہ امدادی کاموں کو مزید تیز کیا جاسکے۔وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس میں پانچ سالہ بچی سمیت دس افراد شہید ہو گئے ہیں۔ ٹویٹ میں وزیراعظم نے اس واقعے کو اسرائیل کی دہشت گردی کی تازہ ترین کارروائی قرار دیا۔شہباز شریف نے کہا کہ اگر سزا کے خوف سے بالاتر ہو کر ظلم کرنے والے کا کوئی وجود ہے تو وہ اسرائیل ہے جو نتائج کی پرواہ کئے بغیر فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ میں آنے والے عطیات کا انتظام این ڈی ایم اے فنانس ڈویژن کی مشاور ت سے کرے گا، دوسرے ممالک کی طرف سے اس فنڈ میں مالی مدد پاکستانی مشنز کے ذریعے آئے گی جو اسے سٹیٹ بنک کو ارسال کر دیں گے، چندہ سٹیٹ بنک، نیشنل بنک اور دوسرے بنکوں میں جمع کرایا جا سکے گا۔ وزارت خزانہ نے اس سلسلے میں نو ٹیفکیشن جاری کر دیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم کی زیر صدارت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کے حوالے سے ایک اہم فالو اپ اجلاس لاہور میں ہوا جس میں اس سلسلے میں گزشتہ روز ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمو، وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی، چیئرمین NDMA نے شرکت کی جب کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع، مشیر براے امور کشمیر قمر زمان کائرہ بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔