• news

احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری ، اب ڈیڑھ ہزار ما ہانہ  ملیں گے: پرویز الہی 


لاہور (نیوز رپورٹر) سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری نے نکاح نامے میں ختم نبوتؐ کے حلف نامے کی شق شامل کرنے پر وزیر اعلیٰ پرویزالٰہی کے مثالی اقدام کو سراہا۔ مولانا محمد حنیف جالندھری نے پرویزالٰہی سے ملاقات میں کہا کہ آپ کا یہ احسن اقدام دین کی بڑی خدمت ہے۔ آپ کا یہ اقدام انتہائی قابل قدر ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ صوبے میں مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے آپ کی سربراہی میں پنجاب حکومت نے بہترین اقدامات کئے ہیں۔ حافظ عمار یاسر اور رمیش خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب میں احساس راشن رعایت پروگرام شروع کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت غریب لوگوں کو ماہانہ ایک ہزار روپے کی بجائے 1500روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے اور احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت غریب لوگوں کو آٹا، دالیں اورگھی سستے داموں ملے گا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے احساس راشن رعایت پروگرام پر عملدر آمد کیلئے وزارتی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ سٹیئرنگ کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر ہوں گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے حوالے سے ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا جائے گا اور احساس راشن رعایت پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے موثر مانیٹرنگ نظام تشکیل دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے احساس پروگراموں کے لئے احساس ایکٹ تیار کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی احساس ایکٹ کو اسمبلی سے منظورکرائیں گے۔ پرویزالٰہی نے سماجی تحفظ کے مختلف پروگراموں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجاکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے اور تمام پروگراموں کو یکجاکیا جائے۔  ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس راشن رعایت پروگرام، احساس کارڈ اور احساس تحفظ پروگرام کے خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی سے سیالکوٹ سے رکن پنجاب اسمبلی احسن سلیم بریار نے ملاقات کی۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سلیم بریار اور صوبائی وزیر راجہ بشارت بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے فیروزوالا کے علاقے میں 22سالہ نوجوان اسامہ کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قتل میں ملوث دیگر ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے اور ملزمان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ مقتول کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کے ایک ملزم گرفتار کرلیا۔

ای پیپر-دی نیشن