کامن ویلتھ گیمز: ارشد ندیم نے جیولین میں گولڈ میڈل جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ)پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز جویلین تھرو (نیزہ بازی) میں سونے کا تمغہ جیت لیا ۔ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز کی24سالہ تاریخ میں 90.18 میٹر جیولین تھرو کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا جبکہ ارشد ندیم 90 میٹر سے لمبی تھرو کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ ارشد ندیم نے چوتھی باری میں 85.5میٹر جبکہ پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی تھرو کی وہ تمام 12 کھلاڑیوں میں سب سے آگے ر ہے۔ بھارتی کھلاڑی 82.22 میٹر تھرو کر سکا۔ پاکستان نے 1966 ء کے بعد کامن ویلتھ گیمز اتھلیٹکس میں میڈل جیتا ہے۔ فائنل رائونڈ کے پہلے مرحلے میں ارشد ندیم نے پہلی باری میں 86.81 میٹر کی تھرو کی۔اس سے قبل ارشد ندیم کی بہترین تھرو 86.38 میٹر تھی۔البتہ ارشد ندیم کی دوسری باری ضائع ہوگئی ۔ارشد ندیم نے تیسری باری میں 88 میٹر کی تھرو کی تھی ۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سونے کا تمغہ جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے ۔ ان کا جسم تھکا ہوا تھا لیکن ہمت کوہ ہمالیہ سے بھی بلند تھی۔ سپورٹس بورڈ نے جیت پر 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ ارشد ندیم کی فتح کے ساتھ ہی اسکے گھر پر لوگ اکٹھے ہو گئے جبکہ ملک بھر میں بھی جشن منایا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی ارشد ندیم کو فتح کی مبارک باد دی ہے۔