• news

اسلامی ٹچ والوں کو قا نونی ٹچ کی ضرورت، عمران کا جلسہ چوری سے تو جہ ہٹانے کا سیا سی سٹنٹ : وزیر داخلہ 


اسلام آباد (نوائے وقت   رپورٹ) وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنی چوری سے توجہ ہٹانے کیلئے سیاسی سٹنٹ کے طورپر جلسے کر رہے ہیں۔  ایک بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو پریڈ گرائونڈ میں  جلسہ کرنے کی اجازت ہے‘ لیکن پی ٹی آئی کا جلسہ سیاسی سٹنٹ ہوگا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے کے ساتھ ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں جو تعاون نہیں کرے گا‘ اس کو گرفتار کریں گے۔ ساتھ ہی دعویٰ بھی کیا کہ 9 سیٹوں کے ضمنی الیکشن پی ٹی آئی  ہارے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے پارٹی قائد کی وطن واپسی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ نوازشریف اگلے انتخابات کی مہم سے پہلے واپس آئیں گے۔ واپس آنے کی تاریخ وہ خود بتائیں گے۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ’’اسلامی ٹچ‘‘ دینے والے فنکاروں کو اب ’’قانونی ٹچ‘‘ کی ضرورت ہے  کیونکہ فارن فنڈنگ کے مجرم 8 سال سے ’’قانونی ٹچ‘‘ سے بھاگ رہے ہیں۔ شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عالمی بنارسی ٹھگ غیرملکیوں سے غیرقانونی ڈالر لیتے پکڑے گئے ہیں۔ ہر چوری پکڑے جانے پر ’’جھوٹا عمران اینڈ فارن ایجنٹس کمپنی‘‘ مکاری‘ فنکاری اور عیاری کرنے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس سے پتہ چلا کہ عمران نیازی کتنا گندا کردار ہے۔ شہداء کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والے گندے اور گھٹیا کردار ہیں۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے 8 سال پوری کوشش کی کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہ آئے‘ لیکن اللہ تعالیٰ نے اکبر ایس بار کو سچا ثابت کر دیا۔ اللہ تعالٰی کا پاکستان پر کرم ہوا اور جعلی صادق اور امین کی اصلیت قوم کے سامنے آگئی۔

ای پیپر-دی نیشن