• news

 قوموں پر مشکل وقت میں بچیوں کو کردار ادا کرنا پڑتا ہے: شاہ محمود


ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے سب حلقوں سے استعفیٰ دیا۔ استعفوں کی منظوری میں امتیازی سلوک نہیں کیا جاسکتا۔ چند استعفوں کی منظوری حکومت کی سیاسی چال ہے۔ الیکشن کمیشن نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا تو عمران خان 9 حلقوں سے انتخاب لڑیں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں استعفوں کے متعلق رٹ پٹیشن دائر کی ہے جسے بروز بدھ سنا جائے گا۔ 13 اگست کو پریڈ گراونڈ میں جلسے کے لیے جگہ نا ملی تو متبادل جگہ بھی ڈھونڈ رکھی ہے وہاں جلسہ کریں گے۔فسطائیت کا مقابلہ کرتے ہوئے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ممتاز آباد میں نویں محرم کے مرکزی جلوس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پی ٹی آئی رہنما رانا عبدالجبار‘ میاں جمیل احمد سمیت پی ٹی آئی ورکرز کی کثیر تعداد ان کے ہمراہ تھی۔ انہو ں نے کہا یوسف رضا گیلانی اتنی بات کریں جتنی انکی حیثیت ہے،مجھے پیپلز پارٹی میں بے نظیر بھٹونے شامل کروایا بے نظیر بھٹو نے مجھے پنجاب کا صدر بنایا تھا، میں وزار ت کے پیچھے نہیں پڑا ہوا تھا، مجھے ڈھونڈ کر پی پی نے وزیر خارجہ بنایا۔ انہو ں نے کہا ہمارا ایک روایتی خاندان ہے۔ قوموں پر جب مشکل وقت آتا ہے قوم کی بچیوں کو کردار ادا کرنا پڑتا ہے، مہربانو بی بی پڑھی لکھی ہیں، صحافی بھی رہی ہیں، عمران خان کے بیانیہ کو آگے بڑھانے کے لئے مہر بانو الیکشن لڑ رہی ہے۔ اپنی مشرقی روایات کو مد نظر رکھ کر کمپین کریں گی، خواتین کی حد تک مہر بانو ضرور کمپین کریں گی، میں بھی کمپین کروں گا اور زین قریشی بھی کمپین کریں گے،میں نے دیانت داری سے پارٹی کے مفاد میں اپنی بیٹی کو ٹکٹ دی۔ موسیٰ گیلانی کے مقابلے کیلئے پارٹی کے پاس مہر بانو سے بہتر امیدوار ہوتا تو وہ اپنی بیٹی کو الیکشن میں کھڑا نہ کرتے۔ 

ای پیپر-دی نیشن