یوم عا شو ر آج عقیدت واحترام سے منا یا جا ئیگا ، لاہور میں شبیہہ ذوالجنا ح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے بر آمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں یوم عاشور آج منگل کو عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ یوم عاشور کے موقع پر ملک کے تمام شہروں میں جلوس نکالے جائیں گے، مجالس عزا برپا ہوں گی، عزادار ماتم اور زنجیر زنی کریں گے۔ علماء کرام و ذاکرین واقعہ کربلا کے پر روشنی ڈالیں گے۔ حضرت امام حسین اور انکے رفقاء کی حق، انصاف اور اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے گزشتہ شب برآمد ہوگیا۔ قبل ازیں نثار حویلی میں مجالس عزا ہوئیں جن میں ذاکرین اور علماء کرام نے حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ نثارحویلی سے نکلنے والا شبیہ ذوالجناح کا یہ جلوس اپنے قدیمی راستوں سے گزرتا ہوا اذان فجر کے وقت چوک نواب صاحب پہنچا۔ جہاں ماتم اور زنجیر زنی ہوئی۔ اس کے بعد یہ جلوس چوہٹہ مفتی باقر، مسجد وزیر خان، کشمیری بازار سے رنگ محل جائیگا جہاں قبل ازیں زنجیر زنی کا حلقہ ختم ہوچکا ہوگا۔ یہاں نماز ظہرین ادا کی جائیگی۔ جلوس صرافہ بازار، گمٹی بازار، ڈبی بازار، سید مٹھا اور تحصیل بازار کی امام بارگاہ مبارک بیگم، بازار حکیماں، فقیر خانہ میوزیم ، اونچی مسجد بھاٹی گیٹ اور پھر بھاٹی چوک سے لوئر مال پر کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوجائے گا جہاںآج شام غریباں کی مجلس برپا ہو گی۔ جلوس کے مرکزی روٹ پر سکیورٹی انتظامات کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ ساتھ رضاکار بھی موجود تھے۔ جلوس کے آغاز سے اختتام تک جگہ جگہ امام بارگاہوں، گھروں اور دکانوں کے باہر انواع و اقسام کے کھانے پینے کی اشیاء کی سبیلیں لگائی گئی ہیں۔ یوم عاشور کے سلسلہ میں نذر و نیاز کا سلسلہ آج رات تک جاری رہے گا۔ مختلف شہروں میں آج بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اورموبائل فون سروس جزوی معطل رہے گی۔ ملک بھر میں امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں۔ پنجاب حکومت نے یوم عاشور کے موقع پر جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے ہیں۔ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔ قبل ازیں 9 محرم الحرام پر پاکستان کے مختلف شہروں میں جلوس نکالے گئے۔ کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوا۔ لاہور میں مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے ہوتا واپس پانڈو سٹریٹ پہنچ کو ختم ہوا۔لاہور میں 9 محرم الحرام کے جلوس میں عزاداروں نے نماز ظہرین، عصرین اور نماز مغربین روٹ کے مختلف مقامات پر ادا کی۔ اس مرکزی جلوس کے علاوہ نویں محرم الحرام کے دیگر جلوس کیولری گراونڈ، شادمان، شاہدرہ، نکلسن روڈ سمیت شہر کے دیگر علاقوں سے برآمد ہوئے۔ جلوسوں کے روٹ کی جانب آنے والے تمام راستوں کو پولیس نے خار دار تاریں، بیریئرز اور قناطیں لگا کر بند رکھا۔ شہریوں کی جانب سے جلوسوں میں شامل عزاداروں کے لیے پانی، شربت اور دودھ کی سبیل سمیت لنگر کا بھی وسیع انتظام کیا گیا تھا۔ دریں اثناء جلوس و مجالس کے سلسلہ میں شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جب کہ بیشتر مقامات پر موبائل فون سروس بھی بند رہی۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں یوم عاشور کے موقع پر مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت پولیس، رینجرز اور فوج کی نفری تعینات کی گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے راستوں میں کنٹینرز اور خاردار تار سمیت دیگر رکاوٹیں کھڑی کرکے ملحقہ راستے بند کردیئے گئے تھے۔ جلوس میں تین مقامات پر چیکنگ اور واک تھرو گیٹ سے گزرنے کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔ جلوسں کی نگرانی کے لیے ڈی سی آفس میں کنٹرول روم فعال رہا، جلوس کو 650 سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹر کیا گیا۔ لاہور کے مرکزی جلوسں کے روٹ پر 375 سی سی ٹی وی کیمرے خصوصی طور پر نصب کئے گئے تھے۔