• news

حکومت عالمی معیار کی سہولیات دے ، اسلامک گیمز میں بھی میڈل جیتوں گا : گولڈ میڈلسٹ اشد ندیم 

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز کے جویلین تھرو مقابلے میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ  پوری قوم کا شکریہ ،رات کو جاگ کر میرے لیے دعا کی اور اللہ تعالی نے ان سب کی دعاں سے مجھے گولڈ میڈل سے نوازا ۔  ارشد ندیم  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گولڈ میڈل جیتنے پر  بہت خوش ہوں، مجھے کہنی اور گھٹنے کی انجری تھی، طبی ماہرین کا شکریہ جنہوں نے مجھ پر بہت کام کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ،پنجاب اسپورٹس بورڈ کا شکریہ جنہوں نے سہولیات دیں، مجھے انجری بھی تھی اور فینز چاہتے تھے کہ گولڈ میڈل جیتوں، پوری امید کے ساتھ آیا تھا کہ اپنے مداحوں کے لیے گولڈ میڈل جیتوں گا۔پاکستانی ایتھلیٹ نے مزید کہا کہ بھارت کے نیرج چوپڑا انجری کی وجہ سے نہیں تھے، اگر وہ ہوتے مقابلے میں تو اور بھی مزہ آتا۔ ارشد ندیم نے کہا کہ میں حکومت سے کہوں گا کہ ہمیں بین الاقوامی معیار کی سہولیات دی جائیں، انشااللہ ترکی میں اسلامک گیمز میں بھی میڈل جیتوں گا۔ ارشد ندیم نے جیت کے موقع پر  اپنے بھارتی دوست نیرج چوپڑا کو  یاد کیا اور کہا کہ  نیرج چوپڑا بھائی اس بار ایونٹ میں شریک نہیں ہو سکے کیونکہ وہ انجری کا شکار ہیں، میں ان کے لیے اگلے مقابلے میں نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں ۔ارشد ندیم نے کہا کہ اللہ انہیں صحت دے، وہ ایونٹ میں ہوتے تو اور بھی زیادہ مزہ آتا، ان کی کمی محسوس ہوئی ۔ پاکستانی ایتھلیٹ کا کہنا تھا کہ 'انجری کھیل کا حصہ ہے، امید ہے کہ نیرج جلد صحتیاب ہو جائیں گے ۔دوسری جانب پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کیلئے مختلف انعامات کا اعلان کیا جارہا ہے، وزیر کھیل پنجاب ملک تیمور خان نے پاکستان کے فخر ارشد ندیم کے گاؤں میں سٹیڈیم کی فوری تعمیر شروع کرنے کا اعلان کردیا ۔صوبائی وزیر کھیل پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں، میں ان کا استقبال خود کروں گا، اور ان سمیت میڈلز لینے والے تمام اتھلیٹس کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا جائیگا۔ارشد ندیم پر پوری قوم کو فخر ہے، انہیں پہلے بھی سپورٹس سہولیات دیں، اور اب بھی ہرممکن سہولیات دیں گے، صوبائی سپورٹس بورڈ کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھاتا رہے گا۔سندھ کے صوبائی وزیرناصرحسین شاہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اگلے اولمپک سے پہلے 2 سال کے لیے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستان کے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ذاتی خرچے پرجرمنی ٹریننگ کے لیے بھجوانے کو تیار ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن