نذرِ عقیدت بحضورسیدالشہدا ؓ
مہر و وفا کا جام پلایا حسینؓ نے
انسانیت کا رستہ دکھایا حسینؓ نے
زندہ کیے اصول محمد ﷺ کے دین کے
اسلام کا وقار بڑھایا حسینؓ نے
بازی لگائی جان کی اسلام کے لیے
گھر بار راہِ حق میں لٹایا حسینؓ نے
جتنی بھی آئیں قہر و ضلالت کی آندھیاں
صبر و رضا کا دیپ جلایا حسینؓ نے
قربان جاوں فاطمہ زہرا ؓ کے لال پر
مسلم کو مر کے جینا سکھایا حسینؓ نے
ہرگز نہ کی قبول اطاعت یزید کی
گردن جھکی نہ سر کو جھکایا حسینؓ نے
لینے بلائیں خلد سے حوریں اتر پڑیں
سجدے میں جب بھی سر کو جھکایا حسینؓ نے
شاہد ہے ذرہ ذرۂ میدانِ کربلا
ہر غم کو اپنے دل میں بسایا حسین ؓ نے