ایمن الظواہری کی موت فی الحال دعویٰ ہے : طالبان ترجمان
کابل (نوائے وقت رپورٹ) کابل میں امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ رہنما ایمن الظواہری کی ہلاکت کے معاملے پر طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا بیان سامنے آیا ہے۔ ذبیح اللہ مجاہد نے مقامی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کا یہ دعویٰ تاحال دعویٰ ہی ہے، امارت اسلامیہ کو ایمن الظواہری کی موجودگی کی کوئی خبر نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ امارت اسلامیہ کو ایمن الظواہری کے ڈرون حملے میں نشانہ بننے کا بھی علم نہیں، ان کی جانب سے یہ معاملہ زیر تحقیق ہے۔ طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ کابل ڈرون حملہ دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے، ہم افغان سرزمین کی حدود کی پامالی کی مذمت کرتے ہیں، اس طرح کے واقعات باربار دہرائے گئے تو نتائج کا ذمہ دار امریکا ہوگا۔