اسرائیل نے جنگ بندی توڑدی ، مزید 4 فلسظینی شہید : او آئی سی کی مذمت ، عالمی برادری حملے رکوائے : سعودی کابینہ
غزہ+ ریاض+ نیو یارک (اے پی پی+ این این آئی+ آئی این پی) مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مزید 4فلسطینی شہید کر دیئے۔ فلسطینی شہیدہونے والوں میں سے 3 کا تعلق شمالی مغربی کنارے کے شہر نابلس اور ایک کا جنوبی شہر ہیبرون سے ہے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق نابلس میں جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب اسرائیلی سپیشل فورسز نے فجر سے پہلے شہر پر دھاوا بول دیا، جو اسرائیل کے خلاف حملوں میں ملوث ہونے کے شبہ میں مطلوب فلسطینیوں کی تلاش میں تھے۔ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی ایمبولینسوں پر بھی فائرنگ کی اور متاثرہ افراد کو نکالنے کے لیے طبی ٹیموں کو علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا۔ الخلیل میں 17 سالہ مومن جابر کو اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران سینے میں گولی لگی۔ یہ جھڑپیں فلسطینی اسلامی جہاد اور اسرائیلی فوج کے درمیان 3روزہ لڑائی کے بعد ہوئی ہیں جس میں 44 فلسطینی ہلاک اور 360 زخمی ہوچکے ہیں۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی حموں کی مذمت کی ہے۔ او آئی سی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے جارحانہ حملے میں فلسطینیوں کو قتل اور زخمی کرنے کا اقدام قابل مذمت ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم نے نابلس میں فلسطینیوں کی املاک اور گھروں کو تباہ کرنے کے اسرائیلی اقدام کی بھی مذمت کی۔ شہید ہونے والوں میں سے 3 کا تعلق شمالی مغربی کنارے کے شہر نابلس اور ایک کا جنوبی شہر ہیبرون سے ہے۔ سعودی عرب کی کابینہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام پر اسرائیل کے حملے رکوائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزرا کی کونسل کے اجلاس کی صدارت شاہ سلمان نے کی اور عالمی برادری سے فلسطین پر اسرائیل کے تسلسل سے جاری حملے رکوانے کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسند گروپ کے درمیان تین روز تک جاری رہنے والی جنگ بندی کے ایک دن بعد غزہ کی پٹی میں فائرنگ کا یہ واقعہ ہوا ہے۔ اسرائیل نے جنگ بندی توڑ دی ہے۔